عمران فاروق قتل کیس ، برطانیہ سے طریقہ کار طے پاگیا ، چوہدری نثار، آنیوالے دنوں میں دونوں ملکوں میں تعاون مزید بڑھے گا، ایگزٹ سکینڈل بارے شواہد تیزی سے سامنے آرہے ہیں، مزید ایف آئی آر بھی درج ہونگی ،ایگزٹ سکینڈل کے حوالے سے برطانیہ کو بھی خط لکھ دیا گیا ،حکومت نے یو اے ای کو بھی خط لکھنے کی منظوری دیدی ہے، اقتصادی راہداری کے حوالے سے دشمنوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، منصوبے پر 43 ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں ، عزیز بلوچ ہمارے فوکس میں ہیں، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، پاکستان انتہائی اور نازک موڑ پر ہے ، عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 30 مئی 2015 08:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے برطانیہ سے طریقہ کار طے پاگیا ہے، دونوں ممالک کے مابین اس حوالے سے آنے والے دنوں میں تعاون مزید بڑھے گا، ایگزٹ سکینڈل کے حوالے سے شواہد تیزی سے سامنے آرہے ہیں، اس حوالے سے مزید ایف آئی آر بھی درج ہونگی ،ایگزٹ سکینڈل کے حوالے سے برطانیہ کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے، حکومت نے یو اے ای کو بھی خط لکھنے کی منظوری دیدی ہے،پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دشمنوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں ، اس منصوبے پر 43 ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں اور اس منصوبے کے مکمل ہونے پر پاکستان کے نوجوانوں کی ڈگریاں ختم ہو جائیں گی لیکن نوکریاں ختم نہیں ہونگی، عزیز بلوچ ہمارے فوکس میں ہیں، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گےِ، پاکستان ایک انتہائی اور نازک موڑ پر ہے ،گذشتہ 13سال سے دہشت گردی نے پاکستان میں افراتفری مچائی ہوئی تھی یہ بات انہوں نے چک بیلی خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے حوالے سے میڈیا کی خبریں حقائق کے برعکس ہیں، پارٹی کے حوالے سے جو امور تھے وہ پارٹی کے اندر ہی طے ہوگئے ہیں، ایگزٹ سکینڈل کے حوالے سے شواہد تیزی سے سامنے آرہے ہیں۔ اس حوالے سے مزید ایف آئی آر بھی درج ہونگی ۔ایگزٹ سکینڈل کے حوالے سے برطانیہ کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے، حکومت نے یو اے ای کو بھی خط لکھنے کی منظوری دیدی ہے۔

پیٹرولم منصوعات کے حوالے سے بین الاقوامی ریٹس اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں، بین الاقوامی سطح پر قیمتیں بڑھیں گی تو حکومت بھی پیٹرولیم منصوعات میں اسی تناسب سے اضافہ کرے گی، پچھلی مرتبہ بھی وزیر اعظم نے یہ فیصلہ کیا کہ قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی کابینہ میں شمولیت معمول کی بات ہے۔ صوبائی حکومتیں اپنی ضرورت کے مطابق کابینہ میں کمی یا اضافہ کرتی رہتی ہے۔

یہ کوئی ایشو نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بول کے ملازمین کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کا سکینڈل سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا ۔ایگزٹ میں ہزاروں ملازم ہیں، انھیں بھی پتہ نہیں کہ ایگزٹ کیا کررہی ہے ،ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ میڈیا پرسن کو ہراساں نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وہ تمام لوگ پی ٹی آئی کی قیادت میں نظر آرہے ہیں جو پہلے تھے، صرف عہدوں کے نام تبدیل کئے گئے ہیں، دھاندلی ہوئی تو چیف آرگنائز سے نچلی سطح تک وہ ہی لوگ کیوں ہیں، جسٹس وجیہہ الدین احمدکی رپورٹ میں جس کو مودر الزام ٹھہرایا گیا، وہ اب بھی اہم مقامات پر ہیں، ہمیں کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی، نگران حکومت تو پیپلز پارٹی کی قائم کردہ تھی، صرف پنجاب میں چیف سیکرٹری سے کلرک تک تبدیل کئے گئے، پھر کیسے دھاندلی کی ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دشمنوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں‘ جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو پاکستان اقتصادی لحاظ سے بہت آگے نکل جائے گا اور دنیا کے نقشے پر راہداری کے روٹ کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گا۔ اس منصوبے پر 43 ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ نے شہباز شریف کے لوگ ہٹائے، پی ٹی آئی ہر روز بیان بدلتی ہے، وہ بھی بھول جاتے ہیں اور قوم بھی بھول جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے آبائی علاقے میں مسلم لیگ (ن) زندہ ہے، اس علاقے میں شیروں کا ہی راج ہے اور رہے گا، پاکستان ایک انتہائی اور نازک موڑ پر ہے ،گذشتہ 13سال سے دہشت گردی نے پاکستان میں افراتفری مچائی ہوئی تھی ،50ہزار سے زیادہ جانیں دہشت گردی کی آگ میں لقمہ اجل بنیں ،لاکھوں کروڑوں نہیں اربوں کے ذاتی، سرکاری اور قومی نقصان بھی ہوئے۔ملک میں مساجد ،جنازوں، بازاروں، پولیس، افواج پاکستان، جی ایچ کیو، نیوی پر حملے ہوئے ۔

پچھلی کسی حکومت نے اس ردعمل کا اظہار نہیں کیا جو ہونا چاہے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مجھ سے پوچھے کہ آسان کام کیا ہے تو کہوں گاکہ اپوزیشن کی تقریریں اور مشکل کام حکومت چلانا ہے، خیبر سے کراچی تک پاکستانی کندھوں پر جنازے اٹھا اٹھا کر تنگ آچکے تھے، موجودہ حکومت نے ایک پالیسی قومی اتفاق رائے سے بنائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی اتفاق رائے کیلئے اس بات کی حمایت کی کہ حکومت عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات کریں ۔

آٹھ ماہ مذاکرات کئے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی وزیر کے بیان نے سب کچھ عیاں کردیا ہے کہ پاکستان کی دہشت گردی کے پیچھے کون ہے، یہ دنیا میں کم ہوا ہوگا کہ کسی ملک کا اہم ترین وزیر اپنی زبان سے دوسرے ملک میں دہشت گردی کرانے کی ذمہ داری لے۔ اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے چک بیلی خان کے نواحی علاقہ جات کے لئے پانچ ڈیموں اور پختہ سڑکوں سمیت سات ارب روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا ۔

انہوں نے پاپین ڈیم،مہوٹہ موہڑہ ڈیم،بگھرہ ڈیم چہان ڈیم اور بسالی کے نواح میں ایک ڈیم بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان ڈیموں سے ایک لاکھ کنال سے زائد اراضی کو سیراب کیا جاسکے گا علاوہ ازیں چونترہ کے علاقہ کی تمام سڑکوں کی ازِ سرِ نو تعمیر کا اعلان بھی کیا ان تمام منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر سات ارب روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا گیا ۔