برطانیہ بی بی سی کی رپورٹ پر شواہد اور حقائق فراہم کرے،پاکستان،ایم کیو ایم ”را“ گٹھ جوڑ حساس معاملہ ہے،خط کے جواب کا انتظار ہے، زید حامد کے معاملے پر سعودی حکام سے رابطے میں ہیں، رسائی نہیں ملی، پرامن اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے ،پاک افغان سرحد کے قریب انگور اڈہ گیٹ کی تعمیر پاکستان کی حدود میں کی جائے گی،افغان حکومت اورطالبان کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کردار ادا کر رہا ہے ،ترجمان دفترخارجہ خلیل اللہ قاضی کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 3 جولائی 2015 08:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جولائی۔2015ءِ)پاکستان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور بھارتی خفیہ ایجنسی”را“ کے گٹھ جوڑ سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ حساس معاملہ ہے ،حکومت پاکستان نے بی بی سی کی رپورٹ پرشواہد اور حقائق کی فراہمی کیلئے برطانیہ حکومت کو خط لکھ دیا ہے جس کے جواب کا شدت سے انتظار کررہے ہیں،زید حامد کو سعودی حکومت مخالف بیان پر سزا سنائی گئی ہے ،پاکستان سعودی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ،زید حامد تک رسائی اور الزامات معلوم کرنے کیلئے پاکستانی سفارت خانہ کوششیں کررہا ہے ،پاک افغان سرحد پر انگورا گیٹ کی تعمیر پاکستانی حدود میں ہوگی،افغان طالبان مذاکرات میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے ،افغانستان میں امن خطے کے مفاد میں ہے۔

جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ پر برطانیہ سے شواہد اور حقائق مانگے ہیں اور اس کے لئے برطانوی حکومت کو خط بھی لکھا گیا ہے ،پاکستان میں بھارتی مداخلت ،ایم کیو ایم اور بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا گٹھ جوڑ“ حساس معاملہ ہے، برطانیہ سے خط کا جواب موصول نہیں ہوا جس کا شدت سے انتظار کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں زید حامد کو قید کی سزا ہوئی ہے ،پاکستان سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ،سفارتی کوشش کررہے ہیں کہ زید حامد پر لگنے والے الزامات معلوم ہو سکیں،سعودی عرب نے پاکستانی کونسلر کو زید حامد تک رسائی تاحال نہیں دی ہے ۔خلیل اللہ قاضی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ افغانستان کے دوران عدم مداخلت پر اتفاق کیا گیا تھا، دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی سرزمین استعمال نہ کرنے کا عزم کا اظہار کیا ہے ،افغان صدر سے متعلق بیان کی کوئی حقیقت نہیں ہے ، پرامن اور خوشحال افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ،چین بھی افغانستان میں امن و استحکام دیکھنا چاہتا ہے،افغان وزیر داخلہ کا دورہ پاکستان اندرونی معاملات کی بناء پر ملتوی کیا گیا ہے۔

قاضی خلیل اللہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل سفیر ملیحہ لودھی کی حالیہ دنوں پاکستان آمد کے حوالے سے کہا کہ وہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے مشاورت کے سلسلے میں آئیں تھیں، جس میں وزیراعظم نواز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔آئندہ دنوں روس میں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن ( ایس سی او) سربراہی اجلاس کے دوران پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کا بھی امکان ہے تاہم پاکستان اور ہندوستان میں اس حوالے سے حکومتی سطح پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی شہری وحید نور خان کی ہلاکت اور گزشتہ ہفتے واہگہ بارڈر پر اس کی میت کی پاکستانی حکام کو منتقلی کے معاملے کو نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر نے ہندوستانی وزارت خارجہ کے ساتھ اٹھایا ہے۔قاضی خلیل اللہ نے افغانستان کے اس دعویٰ کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انگور اڈہ کے گیٹ کی تعمیر افغان سرحد پر کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ انگورہ گیٹ پاکستانی سرحد کی حدود کے اندر تعمیر کیا جائیگا۔طالبان اور افغان حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان مذاکرات میں مدد فراہم کررہا ہے اور چین، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے دلچسپی رکھتا ہے۔پاکستانی شہری زید حامد کی سعودی عرب میں گرفتاری اور سزا کی تصدیق کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاض میں قائم پاکستانی سفارت خانہ اس مسئلے پر سعودی حکام سے رابطے میں ہے اور سفارتی کوششوں کے ذریعے معلوم کررہے ہیں کہ زید حامد کو کس الزامات کی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے۔