آپریشن ضرب عضب دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے تک ہر قیمت پر جاری رہے گا،آرمی چیف ، دہشت گردی سے پاک پاکستان بنانے تک نہیں رکیں گے،متاثرین کی بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے اور متاثرین کی ہر ممکن مددکی جائے،جنرل راحیل شریف کا شمالی وزیرستان سے ملحقہ پاک افغان سرحدی علاقے کا دورہ ،جوانوں سے خطاب، بریفنگ دی گئی

ہفتہ 4 جولائی 2015 08:54

راولپنڈی، میرانشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جولائی۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے تک ہر قیمت پر جاری رہے گا۔ دہشت گردی سے پاک پاکستان بنانے تک نہیں رکیں گے۔ متاثرین کی بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے اور متاثرین کی ہر ممکن مددکی جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ پاک افغان سرحدی علاقے کا دورہ کیا جہاں انہیں فوجی آپریشنز اور شوال کے علاقے کو کلیئر کرنے پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر فارمیشن کمانڈرز نے شوال میں آئندہ کے پلان، آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ نے شوال خالی کرانے والوں جوانوں سے ملاقات کرکے انہیں شاباش دی اور ملک میں خفیہ اطلاعات پر ہونے والے آپریشنز پر خصوصی انٹیلی جنس ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلامذہب، رنگ و نسل کارروائی جاری رہے گی، آپریشن دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے تک ہر قیمت پر جاری رہے گا اور ہم دہشت گردی سے پاک پاکستان بنانے تک نہیں رکیں گے۔ آرمی چیف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوال کے علاقے میں آپریشن کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہوگیا۔

دہشت گردوں سے علاقہ مکمل طور پر خالی کرالیا گیا ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے جوانوں کی شوال کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرانے پر تعریف کی۔ بعد ازاں جنرل راحیل شریف نے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہو کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ شوال کی چوٹیوں کو دہشت گردوں سے پاک کرا دیا گیا جبکہ ایک ایک دہشت گرد کو ختم کرنے اورمقاصد کے حصول تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردوں سے پاکستان کو آزاد کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے ملک بھر میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے اقدامات کو سراہا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے نقل مکانی والون کی بحالی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیجائے ان کا کہناتھا کہ پاک فوج کمانڈ باعث فخر ہے ملک کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں فلاح و بہبود کے کام جاری رہیں گے آپریشن ضرب عضب کے بعد دور دراز علاقوں سے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے ختم ہوگئے ہیں ۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کردیا دہشت گرد رہے ہیں انہیں کسی بھی جگہ چھپنے کی جگہ نہیں ملتی انہیں کسی بھی جگہ چھپنے نہیں دیں گے پاک فوج نے عزم کر رکھا ہے کہ ملک خداداد کو دہشت گردوں سے آزاد کرائیں گے۔