نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ایک دن کا کام نہیں ، مختلف نکات پر عملدرآمد کرانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے،پرویز رشید ،عمران خان بڑے لیڈر ہیں مشورہ نہیں دے سکتا ، خان صاحب سے درخواست ہے سازشی عناصر سے دور رہیں،زید حامد کے منہ سے ہمیشہ شر نکلا ہے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 جولائی 2015 09:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرانا ایک دن کا کام نہیں ہے۔ اس کے مختلف نکات پر عملدرآمد کرانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے دس بڑے سٹاک ایکسچینج میں شامل ہوچکا ہے۔

بلوم برگ نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں بہتری کی رپورٹ دی ہے ۔ حکومتی اقدامات کی تعریفیں بیرونی ممالک ہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زید حامد کے منہ سے ہمیشہ شر نکلا ہے ہم نے زید حامد کو برداشت کیا دوسرے ممالک نے نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزارت خارجہ سعودی عرب کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بڑے لیڈر ہیں میں انہیں مشورہ نہیں دے سکتا ہوں۔

عمران خان کو بریگیڈیئر سیمسین جیسے لوگوں سے محتاط رہنا چاہیے خان صاحب سے درخواست ہے کہ سازشی عناصر سے دور رہیں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر الزامات سے متعلق پاکستان برطانیہ سے تفصیلات مانگ رہے ہیں برطانیہ سے تفصیلات ملنے کے بعد آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کریں گے انہوں نے کہاکہ طاہر القادری خیریت سے ایسے ملک آئے ہیں اور خیریت سے گھر پہنچ گئے ہیں۔