بلاول بھٹو کا آصف زرداری کو ٹیلیفون،پارٹی میں تبدیلیوں پر مشاورت کی ،سابق صدر کی بلاول کو پنجاب کا دورہ اور تمام عہدیداروں سے ملاقاتیں کرنیکی ہدایت، اشرف سوہنا اور صمصام بخاری کے پارٹی چھوڑنے پر اظہار تشویش،بلاول بھٹو پنجاب میں طویل قیام کرینگے،سینئر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے بعدپارٹی عہدیداروں کی تبدیلی کا اعلان کریں گے،ذرائع

اتوار 5 جولائی 2015 09:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جولائی۔2015ء)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ٹیلی فون کیا اور پنجاب کے پارٹی عہدیداروں ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور پارٹی کے دیگر اہم امور اور تبدیلیوں کے حوالے سے آصف زرداری کو اعتماد میں لیا ہے،ذرائع کے مطابقہفتہ کے روز بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے عہدیدار جن میں پارٹی کے صوبائی صدر منظور وٹو ،فردوس عاشق اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتوں اور ان کے تحفظات کے بارے میںآ صف زرداری کو آگاہ کیا ،ذرائع نے بتایا کہ ٹیلی فونک گفتگو میں پارٹی کے سینئر رہنما اشرف سوہنا اور صمصام بخاری کے پارٹی چھوڑنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا،سابق صدرنے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب ہاؤس میں قیام کریں اور تمام عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں اور ان کے تحفظات کو دور کریں،ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر کو آگاہ کیا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے جس پر کارکنوں میں اشتعال پایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے عہدیداروں میں تبدیلیوں کے خواہشمند ہیں اور اس حوالے سے آصف زرداری کو اعتماد میں لیا ہے،دورہ پنجاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری طویل ترین قیام کریں گے اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد پنجاب میں پارٹی عہدیداروں کی تبدیلیوں کا اعلان کریں گے۔