وزیراعظم محمد نواز شریف کاگانچھے کے سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ روپے کے امدادی و بحالی پیکیج کا اعلان،وزیراعظم کی متاثرین سیلاب سے ملاقات، سیاحت کو ٹھیک کردیا جائے تو گلگت بلتستان میں خوشحالی آسکتی ہے ٗ 5 سال میں خطے کی تقدیر اﷲ کی مدد سے بدل دینگے ٗوزیر اعظم ،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے ثمرات اسکردو میں بھی دکھائی دیں گے ٗ فوائد گھر گھر پہنچیں گے ٗسیلاب کی ہولناک تباہ کاریوں سے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پچاس 50 کروڑ روپے دیں گے ٗفصلوں ، درختوں کو ہونیوالے نقصانات کا معاوضہ دیا جائیگا ٗمسلم لیگ (ن )کے دورحکومت میں پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل تیزی سے آگے بڑھے گا، محمدنواز شریف کا خطاب

جمعہ 31 جولائی 2015 08:39

گانچھے (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء)وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر سیاحت کو ٹھیک کردیا جائے تو گلگت بلتستان میں خوشحالی آسکتی ہے ٗ اگلے 5 سال میں خطے کی تقدیر اﷲ کی مدد سے بدل دیں گے ٗ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے ثمرات اسکردو میں بھی دکھائی دیں گے ٗ فوائد گھر گھر پہنچیں گے ٗسیلاب کی ہولناک تباہ کاریوں سے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے پچاس 50 کروڑ روپے دیں گے ٗفصلوں ، درختوں کو ہونے والے نقصانات کا معاوضہ دیا جائیگا ٗمسلم لیگ (ن )کے دورحکومت میں پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل تیزی سے آگے بڑھے گا۔

متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے مواصلاتی رابطوں کی جلد بحالی اور فوری بنیاد پر بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لئے 50 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ این ڈی ایم اے کو قدرتی آفات کے موقع پر ادارہ جاتی انتظامات کو تقویت دینے کے لئے 15 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے تمام تر وسائل مہیاء کرے گی تاکہ وہ اپنی اقتصادی بنیاد مضبوط بنا سکے۔

انہوں نے گلگت ۔ سکردو سڑک کو گانچھے تک توسیع دینے کا عوامی مطالبہ منظور کرتے ہوئے سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کے لئے پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے کے زرتلافی کا اعلان کیا جبکہ مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے لئے ڈھائی لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے مقامی روایت کے مطابق مال مویشیوں اور درختوں کے نقصانات کی تلافی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے نقصانات کا فوری تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی تاکہ ریلیف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ علاقہ بھی پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبہ جات کے ثمرات سے مستفید ہوگا کیونکہ یہ علاقہ اقتصادی راہداری میں اہم مقام رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس علاقے میں بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے اور لوگوں کے ساتھ مل کر مسلم لیگ (ن) کی گلگت بلتستان کی نئی حکومت علاقے کی قسمت بدلے گی۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لوگوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے اور گلگت بلتستان کی ترقی و اقتصادی بہبود کے لئے کام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے اپنے استقبالیہ کلمات میں وزیراعظم کو بتایا کہ منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو گلگت بلتستان کے تمام علاقوں اور کمیونٹیز سے مینڈیٹ ملا ہے۔

گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور آصف کرمانی اور دیگر سینئر حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے گانچھے کے سیلاب متاثرین کے لئے 50 کروڑ روپے کے امدادی و بحالی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرین کی بحالی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ضلع گانچھے کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کا فضائی جائزہ لیا۔ انہیں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ایک بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سیلاب سے دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 15 دیہات اور تقریباً تین ہزار کینال سے زائد رقبہ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

متعدد گھروں، اسکولوں، صحت کے مراکز، سڑکوں اور پلوں کو بھی سیلابی پانی سے نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کے لئے پانچ لاکھ روپے، زخمیوں کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے اور متاثرہ گھروں کے مالکان کے لئے اڑھائی لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے این ڈی ایم اے کے لئے بھی 15 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے گلگت ۔ سکردو روڈ کو بہتر بنانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس کی خپلو تک توسیع کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کو جانوروں کے نقصان سمیت معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ گانچھے میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کیلئے پرعزم ہے اور وہ بالخصوص گلگت بلتستان کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے لوگوں نے پاکستان کی ترقی میں قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ حکومت انہیں اس مشکل گھڑی میں کبھی تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ان علاقوں کی ترقی کے لئے تمام تر وسائل فراہم کرے گی۔ ہم نے تعلیم اور صحت سمیت تمام سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن منصوبہ ہے۔

اس سے علاقے کو ترقی ملے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحوں کیلئے جنت ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ وہ اس چیلنج سے نبرد آزما ہوں اور ملک اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ وہ اس علاقے کا دورہ کر کے قدرتی حسن کا نظارہ کر سکیں۔

وزیراعظم نے متاثرین سیلاب سے بھی ملاقات کی اور ان میں خوراک اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا۔ متاثرین سیلاب نے علاقے کا دورہ کرنے اور حکومت کی طرف سے امدادی سرگرمیوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر اور وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے علاقے کی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور امداد اور بحالی کے فوری اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :