ملا عمر کا انتقال ،افغان طالبان شوری کا تعزیتی اجلاس،نئے امیر نے بیعت لی، طالبان کے نئے امیر ملا اختر منصور کا پہلا آڈیو پیغام منظر عام پر آگیا ،ملااختر منصور کا امن مذاکرات سے اظہار لاتعلقی،افغانستان میں اسلامی نظام کے قیام تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا،طالبان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں،علماء کے کہنے پر میں نے امارت کی بھاری ذمہ داری قبول کی،ملا منصور اختر،طالبان کے نئے امیر ملا اختر منصور کا پہلا آڈیو پیغام پشتو زبان میں ریکارڈ کیا گیا،دورانیہ تیس منٹ کا ہے

اتوار 2 اگست 2015 08:49

پشاور،قندھار(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اگست۔2015ء)افغان طالبان شوریٰ کا سابق امیر المومنین ملا عمر کے انتقال پر تعزیت اجلاس ، افغان طالبان کے نئے امیر ملا اختر منصور ،نائب امیر ہیب اللہ اخونزادہ کی شرکت ،نئے امیر نے بیعت لی،افغان حکومت کے درمیان جاری مذاکرات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب افغانستان کے صوبہ قندھار میں خفیہ مقام پر سابق امیر المومنین کے انتقال پر افغان طالبان شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں نئے امیر ملا اختر منصور ،نائب امیر ہیبت اللہ اخونزادہ سمیت افغان طالبان تحریک سے وابستہ رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،اس موقع پر افغان طالبان شوری کی جانب سے متفقہ طور پر منتخب ہونے والے نئے امیر ملا اختر منصور نے نائب امیرہیبت اللہ اخونزادہ کے ہاتھ پر بیعت لی،اس موقع پر طالبان رہنماؤں نے نئے امیر کے حق میں نعرے لگائے ،اجلاس میں افغان حکومت سے جاری امن مذاکرات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھرطالبان کے نئے امیر ملا اختر منصور کا پہلا آڈیو پیغام منظر عام پر آگیا ہے، پیغام پشتو زبان میں ریکارڈ کیا گیا ۔ افغان طالبان کے نئے امیر ملا محمد منصور نے امن مذاکرات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں اسلامی نظام کے قیام تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا ہے ۔ ہفتہ کے روز افغان طالبان کے نئے امیر ملا محمد منصور نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ طالبان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں علماء کے کہنے پر میں نے امارات کی بھاری ذمہ د اری قبول کی ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ طالبان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ،اختلافات کو ہوا دی گئی تو دنیا ہمارا مذاق اڑائے گی۔ان کا کہناتھا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ ملا عمر کی تنظیم کو ان کی طرز پر چلا سکیں اور ملا عمر کی پالیسیاں ان کیلئے مشعل راہ ہیں۔ملا اختر کا آڈیو پیغا م میں کہنا تھا کہ دشمن ہمارے کیخلاف ہتھیار اور بعض علماء کو بھی استعمال کر رہاہے اس لیے ہمیں آپس کے اختلافات کو ہوا نہیں دینی چاہیے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ برطانوی خبررساں ادارے نے کہا ہے کہ طالبان کے گروہوں میں ملا اختر منصور کو امیر مقرر کرنے پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں جبکہ طالبان کا ایک گروہ ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب کو امیر منتخب کرنا چاہتے تھے۔ملا اختر منصور کا کہناہے کہ تمام ناراض طالبان رہنماؤں کو منائیں گے ،ملا اختر منصور کا پہلا آڈیو پیغام تیس منٹ کا ہے او ر یہ پشتو زبان میں ریکارڈ کیا گیاہے۔