کس نے کتنی دھاندلی کی ؟ یہ کمیشن نے طے کرنا تھا جو نہ کراپایا، عمران خان ،قوم کی نظریں اب بھی تحریک انصاف پرہیں، تمام سیاسی پارٹیاں پی ٹی آئی کی مقبولیت سے پریشان ہیں،الیکشن سے قبل نواز شریف نے آدھی سیٹیں دینے کی پیشکش کی تھی،کوئی بھی پارٹی پانچ روز میں پانچ لاکھ لوگ اکٹھے نہیں کر سکتی ، پارٹی کا کوئی فیصلہ مشاورت کے بغیر نہیں ہوتا ، ورکرز کنونشن سے خطاب

پیر 3 اگست 2015 08:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2013 ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کوئی شک نہیں تھا کس نے کتنی دھاندلی کی ؟ یہ کمیشن نے طے کرنا تھا جو نہ کراپایا، قوم کی نظریں اب بھی تحریک انصاف پرہیں تمام سیاسی پارٹیاں پی ٹی آئی کی مقبولیت سے پریشان ہیں، کوئی بھی پارٹی پانچ روز میں پانچ لاکھ لوگ اکٹھے نہیں کر سکتی ہے۔

اتوار کو اسلام آباد میں عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف ورکرز کنونشن کا انعقاد ہوا ،اس موقع پر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے پولیٹیکل سائنس پڑھی ہے بلکہ پاکستان میں سیاست کا اندازہ نہیں تھا پاکستان کو بچانے کیلئے سیاست میں آیا کوئی ایسی جماعت نہیں ملی کہ اس میں شامل ہوتا ۔

(جاری ہے)

مشرف نے مجھے کہا کہ پاکستانی عوام کرپٹ لوگوں کو ووٹ دیتے ہیں آج تحریک انصاف اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ پورے ملک کی نظریں صرف تحریک انصاف پر ہیں ملک کے سٹیٹس کو آج پی ٹی آئی سے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے الیکشن سے پہلے نواز شریف نے آدھی سیٹیں دینے کی پیشکش کی تھی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد پارٹی ہے جس سے تمام پارٹیاں خوفزدہ ہیں ۔ الیکشن کے دوران مختلف جماعتوں کی وجہ سے اتحاد کی آفر آئی ہوئی تھی انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ پہلے سے کر چکے تھے دھرنا آئی ایس آئی کے کہنے پر نہیں دیا گیا،عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بعد میں لانگ مارچ کا فیصلہ کیا تھا ایک دوسرے کے ساتھ رابطے تھے۔

مجھے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ د ھرنے میں کون کون آئے ہوئے تھے ،تحریک انصاف کے دھرنے نے لوگوں میں شعور پیدا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا کوئی فیصلہ مشاورت کے بغیر نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا اس لئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا رپورٹ آنے کے بعد تحفظات اب بھی ہیں دھاندلی میں کوئی شک نہیں۔