فٹبال ورلڈ کپ 2022کا میزبان قطر پہلی بار ٹی 20پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کیلئے پرعزم ،عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی منافع بخش اور پرکشش مارکیٹ قدم رکھنے کیلئے کی تیاریاں جاری ،پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر اراکین کے ساتھ تین روزہ مذاکرات ہوئے جس کے بعد فروری 2016 میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوہا میں انعقاد کے 70 فیصد امکانات ہیں، سربراہ قطر کرکٹ ایسوسی ایشن

بدھ 26 اگست 2015 08:44

دوہا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2015ء) فٹبال ورلڈ کپ 2022 کا میزبان قطر پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ذریعے عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی منافع بخش اور پرکشش مارکیٹ قدم رکھنے کیلئے کی تیاریاں کر رہا ہے۔قطر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ گل خان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر اراکین کے ساتھ تین روزہ مذاکرات ہوئے جس کے بعد فروری 2016 میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوہا میں انعقاد کے 70 فیصد امکانات ہیں۔

پی سی بی حکام ممکنہ طور پر ستمبر کے اوائل میں قطر جائیں گے جہاں اس حوالے سے حتمی فیصلے کا امکان ہے۔گل خان نے کہا کہ ہم یہاں کچھ بڑے عالمی مقابلوں کا انعقاد چاہتے ہیں۔ یہ سب کے ساتھ ساتھ قطر اور کرکٹ کیلئے ایک اچھا تجربہ ہو گا جبکہ ٹورنامنٹ میں بڑے کھلاڑی اور بڑے نام شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے انعقاد کیلئے پی سی بی کی نظریں متحدہ عرب امارات پر مرکوز تھیں جو ایک عرصے سے پاکستان کی ہوم سیریز کا میزبان ہے لیکن اس مرتبہ امارات نے پاکستان کی جگہ ایک دوسرے ایونٹ کے انعقاد کو ترجیح دی جس میں سابق کھلاڑی شرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ایونٹ کے اکثر معاملات طے ہونا باقی ہیں لیکن اس میں پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی۔پی ایس ایل میں اکثر کھلاڑی پاکستان کے ہوں گے لیکن گل خان نے کہا کہ ہم ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں کی بھی ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان ستمبر میں ایونٹ کی فرنچائز ٹیموں کی بولی دینے کے عمل کا آغاز کرے گی جبکہ اسی دوران نشریاتی حقوق سمیت دیگر امور پر بھی معاملات طے کیے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ دوہا کے ایشین ٹاوٴن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں 14 ہزار افراد کے بیٹھنے کی جگہ موجود ہے اور ممکنہ طور پر تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔یہ ایونٹ قطر کی بڑی ایشیائی آباد میں کافی مقبول ثابت ہو گا جہاں خصوصاً 90 ہزار سے زائد پاکستانی رہائش پذیر ہیں اور ملک میں ترقیاتی کاموں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس تعداد میں وقت گزرنے کے ساتھ مزید اضافے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ یہاں دنیا کے دیگر کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جہاں ہندوستان کے پانچ لاکھ، بنگلہ دیش کے ڈیڑھ لاکھ اور تقریباً ایک لاکھ سری لنکن آبادہیں۔گل خان نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل میں متحدہ عرب امارات سے بھی لوگ بڑی تعداد میں شرکت کیلئے آسکتے ہیں۔