ٹڈاپ سکینڈل ، اینٹی کرپشن کورٹ کا یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم کو گرفتار کر کے 10ستمبرتک پیش کرنے کا حکم ،ایف آئی اے نے یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم سمیت دیگر ساتھیوں کے خلاف (ٹڈاپ) کرپشن سے متعلق مزید12نئے مقدمات کے حتمی چالان عدالت میں پیش کردیئے

جمعہ 28 اگست 2015 09:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2015ء) وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد عظیم کی عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم کو ٹڈاپ کرپشن کیس میں گرفتار کر کے 10ستمبرتک پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم سمیت دیگر ساتھیوں کے خلاف ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) میں کرپشن سے متعلق تفتیش مکمل کرتے ہوئے مزید12نئے مقدمات کے حتمی چالان عدالت میں پیش کردیئے۔

ایف آئی اے کی جانب سے پیش کئے گئے حتمی چالان میں پیپلزپارٹی کے دونوں رہنماؤں سمیت دیگر کو مفرور قرار دیا جس پر عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم سمیت دیگر کو 10 ستمبر تک گرفتارکرکے پیش کرنے کا حکم دیااور چالان منظور کرلیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے دونوں رہنما 12 مختلف مقدمات میں پیش ہوکراپنی ضمانتیں کروا چکے ہے، جبکہ ٹڈاپ کرپشن کیس سے متعلق یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم ودیگر پر70سے زائد مقدمات ہیں جن میں سے ایف آئی اے نے 24مقدمات کے حتمی چالان عدالت میں جمع کرادیئے ہیں۔

دوسری جانب ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 ارب روپے سے زائدمالیت کے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مالی اسکینڈل میں ایف آئی اے کراچی نے گذشتہ سال اہم کامیابیاں حاصل کی تھیں اورکاغذی کمپنیوں کے نام پر اربوں کی فریٹ سبسڈی حاصل کرنے کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کیخلاف درجنوں مقدمات درج کیے تھے۔تاہم بعد ازاں وفاقی حکومت کی مفاہمتی پالیسی آڑے آگئی اور ایف آئی اے کو تقریباً ایک سال تک بیشتر مقدمات میں حتمی چالان جمع کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون شاہد حیات کی جانب سے اس سلسلے میں ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کومسلسل یاددہانی کرائے جانے کے نتیجے آخرکارکچھ دن قبل ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانے کی اجازت دیدی گئی اور ایف آئی اے کرائم سرکل کے تفتیشی افسران اس سلسلے میں مزید کسی تاخیر کے بغیر یوسف رضا گیلانی کیخلاف مقدمات اور مخدوم امین فہیم کیخلاف مقدمات میں حتمی چالان پیش کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حتمی چالان میں دونوں اہم سیاسی رہنماوٴں کیخلاف انتہائی مضبوط شواہد کی بنیاد پر کیسز بنائے گئے ہیں۔ وزیراعظم کی تنخواہ کی اکاوٴنٹ میں کرپشن کی رقم جمع کرائے جانے کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کرلیے گئے ہیں جبکہ سابق ڈپٹی سیکریٹری پرائم منسٹر ہاوٴس کی ای میل کے ریکارڈسے نہ صرف ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بلکہ دیگر اہم قومی اداروں میں کی جانے والی کرپشن کا حساب کتاب بھی حاصل کرلیاگیا ہے۔