مفادپرستوں، لوٹوں اور موقع پرستوں کے نام نہاد اتحادکو بلدیاتی الیکشن میں بری طرح شکست ملے گی، بلاول بھٹو، جب بھی جیالے پارٹی کے تین رنگوں والے پرچم لہراتے ہوئے میدان میں آتے ہیں ان کے سامنے کوئی بھی مخالف کھڑا نہیں ہو سکتا، علیحدہ علیحدہ میٹنگز سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 09:44

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مفادپرستوں، لوٹوں اور موقع پرستوں کے نام نہاد اتحادکو بلدیاتی الیکشن میں بری طرح شکست ملے گی کیونکہ جب بھی پیپلزپارٹی کے جیالے پارٹی کے تین رنگوں والے پرچم لہراتے ہوئے میدان میں آتے ہیں تو ان کے سامنے کوئی بھی مخالف کھڑا نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ دادو اور جامشورو سے پارٹی کے منتخب اراکین، ضلعی عہدیداران اور مقامی رہنماؤں کی علیحدہ علیحدہ میٹنگز کی صدارت کرتے ہوئے کیا، میٹنگز میں دیگر کے علاوہ ایم این اے فریال تالپر، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراسید مراد علی شاہ اورسید ناصر حسین شاہ سمیت جمیل سومرو نے بھی شرکت کی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں دادو اور جامشورو اضلاع سے 100فیصد رزلٹ چاہتا ہوں کیونکہ یہ دونوں اضلاع ہمیشہ پارٹی کے ناقابل شکست اضلاع رہے ہیں، ضیاء کی کالی آمریت میں بھی ان اضلاع کے جیالوں نے سخت مزاحمت کی اور جمہوریت کے مقصد اور عوام کے حقوق کی سربلندی کے لیے جانوں کا نذرانہ بھی دیا۔

(جاری ہے)

میٹنگز میں شریک رہنماؤں اور کارکنان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری سے اپیل کی کہ وہ ان کے اضلاع کا دورہ کریں اور وہاں کے عوام اور کارکنان کو خطاب کریں کیونکہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بیٹے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں، دونوں اضلاع کے رہنماؤں اور کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دونوں اضلاع سے 100فیصدرزلٹ دیں گے اور بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں خطاب کے لیے چیئرمین کو دعوت دی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے رد کیے ہوئے، دھوکہ باز ، روایتی سازشی اور غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار ٹولہ پر مشتمل لوگ نام نہاد اتحاد بنا کر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کا مقابلہ کر رہے ہیں، بار بار جیالوں کے ہاتھوں شکست کھانے والے تھکے ہوئے اور مردہ گھوڑے دوڑ میں پیچھے دھکیلے ہوئے ہیں،ان کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ ہر فورم پر پارٹی کے مخالفین کی جانب سے کی جانے والی پروپیگنڈہ کا بھرپور جواب دیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جیالوں کی عظیم جدوجہد رہی ہے اور ملکی تاریخ میں جیالا کلچر سیاسی وفاداری کی علامت بنا ہوا ہے۔