گلگت ، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے الطاف حسین کو دوبار عمر قید اور24لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی، اثاثے ضبط کرنے کا حکم

منگل 13 اکتوبر 2015 09:03

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اکتوبر۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت گلگت نے پاک فوج اور ملک خلاف متنازعہ تقریر کرنے کے الزام متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کو دوبار عمر قید اور24لاکھ جرمانے کی سزا سناتے ہوئے انکے تمام اثاثے ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرکے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پاک فوج اور ملک کیخلاف تقریر کرنے کے الزم میں ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کیخلاف ائیرپورٹ تھانہ میں دائر مقدمہ کی سماعت ہو ئی ہے ، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کے جج صہبت خان نے کی ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل عدالت کی طرف سے الطاف حسین کو اشہتاری قرار دیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا جس پر عدالت کے جج صہبت خان نے پیر کے روز کیس کی کارروائی مکمل ہونے پر الطاف حسین کیخلاف فیصلہ سناتے ہوئے غداری کے الزام میں انکو 81برس قید اور 24لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی ہے اور الطاف حسین کے ملک میں تمام اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے ،واضح رہے کہ الطاف حسین کیخلاف 11جولائی کو پاک فوج اور ملک کیخلاف متنازعہ تقریر کرنے کے الزام میں تھانہ ائیر پورٹ گلگت میں غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ اس مقدمے کے علاوہ بھی گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں متحدہ کے قائد کیخلاف 9 مقدمات درج ہیں ۔