وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی دیانتداری سے عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کر رہے ہیں: نواز شریف، پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ امن،خوشحالی کے وژن پر مبنی تعلقات چاہتا ہے، ا ٓپریشن ضرب عضب سے ملک کے کونے کونے میں دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، وزیراعظم کا لاہور میں اجلاس سے خطاب، افغان وزیر خزانہ، پاک فضائیہ کے سربراہ سے گفتگو

منگل 24 نومبر 2015 09:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت پیر کو ماڈل ٹاؤن میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت فلاح عامہ کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کر رہے ہیں۔

عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے پنجاب سمیت پاکستان بھر میں پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد جاری ہے۔انہو ں نے کہا کہ حکومت شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ میگاپراجیکٹس مکمل کرنے کے ساتھ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی وسائل امانت، دیانت اور شفافیت کے ساتھ عوام پر صرف کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بعض عناصر نے کسان پیکیج پر عملدرآمد رکوانے کی کوشش کی لیکن عوام نے انہیں بلدیاتی الیکشن میں مسترد کر دیا۔ کسان ہمارے بھائی ہیں، تاریخ ساز کسان پیکیج کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کر رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے بغیر وقت ضائع کئے کام کیا گیا ہے اور میں ذاتی طور پر زلزلہ زدگان کی امداد کے کاموں کا جائزہ لے رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ منصوبے پر عملدرآمد کرتے ہوئے تعمیرات میں تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے منتخب نمائندے اپنے حلقوں پر خصوصی توجہ دیں۔ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔بلدیاتی نتائج نے 2013 کے عام انتخابات کے نتائج پر مہرتصدیق ثبت کی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔

انہو ں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے پہلے سے زیادہ محنت اور عزم کے ساتھ کام کیا جائے گا۔پنجاب حکومت شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں کسان پیکیج پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور کسان بھائیوں کو کسان پیکیج کے ساتھ ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت پہلے مرحلے میں 2000 کلومیٹر سے زائد دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور اب دوسرے مرحلے میں اربوں روپے کی لاگت سے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا جنوبی پنجاب سے آغاز کیا گیا ہے اور 2017 تک پنجاب کی دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ عوام نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ہر صورت پورا اتریں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ادھروزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن،خوشحالی کے وژن پر مبنی تعلقات چاہتا ہے افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں،افغانستان میں امن خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نوازشریف نے افغانستان کے وزیر خزانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک افغان تعلقات،معاشی، اقتصادی تعاون پر بات چیت کی۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاک افغان امن تعلقات درست سمت میں بڑھ رہے ہیں،پاکستان افغانستان میں ترقی کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔افغان وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان کی جانب سے امن اور ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں ادھروزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ا ٓپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی کا ملک کے کونے کونے سے خاتمہ کریں گے، پاکستان میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کی قطعاً کوئی جگہ نہیں۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق پیر کے روز پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر اعظم نواز شریف سے یہاں ملاقات کی ہے ، ائیر چیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ امور پر بریفنگ دی ،وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاک فضائیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ پیشہ وارانہ معیار کی اعلی صلاحیتوں کو لوہا منوایا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے ،آپریشن ضرب عضب کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں اور دہشت گردی کا ملک کے کونے کونے سے خاتمہ کریں گے