دہشت گرد میڈیا ہاوسز پر حملے کر کے حکومت کے قدم اور صحافیوں کے قلم کو نہیں روک سکتے ہیں ،پرویز رشید ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے،میڈیا ورکرز کا خون رئیگا ں نہیں جائے گا بلکہ اس خون سے چمن صحراب ہو گا اورامن کا سورج طلوع ہو گا،حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام میڈیا ہاوسز ،پریس کلبوں اور یونین آف جرنلسٹس کے دفاتر کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی، جو لوگ میڈیا پر حملوں میں ملوث ہیں اْنہیں گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزائین دی جائیں گی،وفاقی وزیر اطلاعات کا آر آئی یو جے اور این پی سی کے مظاہرے سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 09:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2015ء ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں و صحافتی اداروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ْپر عزم ہے ، دہشت گرد میڈیا ہاوسز پر حملے کر کے حکومت کے قدم اور صحافیوں کے قلم کو نہیں روک سکتے ہیں ۔اْنہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی قیادت میں آر آئی یو جے اور این پی سی کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اْنہوں نے کہا کہ حکومت ، صحافت اور تمام ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور پوری قوم دہشت گردوں کا خاتمہ چاہتی ہے،جب حکومت نے ضرب عضب شروع کیا تو صحافت نے بھی حکومت کا ساتھ دینے کا غیور فیصلہ کیا ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس راہ میں اب تک ہم ہزاروں قربانیاں دے چکے ہیں جن میں پنجاب کے وزیر داخلہ شجاعت خانزادہ بھی نشانہ بننے ۔

(جاری ہے)

اْنہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے فیصل آباد میں دنیا نیوز کے آفس پر حملہ کر کے ایک اور بزدالانہ کارروائی ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں شہید ہونے والے نیو نیوز کے رپورٹر حفظ الراحمن سمیت اس راہ میں شہید ہونے والے میڈیا ورکرز کا خون رئیگا ں نہیں جائے گا بلکہ اس خون سے چمن صحراب ہو گا اورامن کا سورج طلوع ہو گا۔اْنہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام میڈیا ہاوسز ،پریس کلبوں اور یونین آف جرنلسٹس کے دفاتر کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی اور جو لوگ میڈیا پر حملوں میں ملوث ہیں اْنہیں گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزائین دی جائیں گی۔

پاکستان فیڈرل یو نین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ماضی اور حال گواہ ہے کہ ہم نے کبھی بھی دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکایا اور اب بھی ہمارے قلم حق و سچ لکھتے رہیں گے ، لیکن ہمیں موجودہ حکومت سے شکوہ ہے کیونکہ اس ہی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت میڈیا ہاوسز، پریس کلبوں اور یونیز کے دفاتر کو فل پرف سیکورٹی فراہم کرنے کے بہت سے وعدے کئے تھے مگر وہ پورے نہیں کئے گئے اس ہی لئے دہشت گرد دنیا ٹی وی کے دفتر میں داخل ہو کرحملہ کرنے میں کامیاب ہو ئے اور آئے روز ہمارے ساتھیوں کو چن چن کر مارا جا رہا ہے ،ہمارا مطالبہ ہے حکومت اس ضمن میں کئے گئے اپنے تمام تر وعدوں کو پورا کرے۔

آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی نے کہا کہ دہشت گرد ہ ہمیں ان بزدالانہ کارروائیوں سے خوف زدہ نہیں کر سکتے ہیں ،ہم دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے مشن کو جاری رکھیں گے ،تاہم حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ہمارے تحفظ کیلئے بھی سنجیدگی سے اقدامات اْٹھائے ، جب تک حکومت اپنے وعدے پورے نہیں کرتی تب تک ہمارا احتجاج بھی جاری رہے گا ۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری بلال ڈار نے کہا کہ پہلے صحافیوں کو سٹرکوں پر مارا جاتا تھا پھر تقریبا دو سال قبل کوئٹہ میں ایک مقامی نیوز ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔

24نومبر۔2015ء ) کے دفتر میں دہشت گردوں نے گھس کر ہمارے تین ساتھیوں کو شہید کیا ہم نے تب بھی حکومت سے کہا کہ اب تو ہمارے دفاتر بھی محفوظ نہیں اس جانب توجہ دی جائے مگر کسی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور بات مزید بڑھی اور دہشت گردوں نے فیصل آباد میں دینا نیوز کے دفتر میں گھس کر دستی بموں سے حملہ کیا ،ہمیں خدشہ ہے کہ اگر حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت میڈیا ہاوسز کی سیکورٹی کو یقینی نہ بنایا تو سانحہ آرمی پبلک سکول کی طرح دہشت گردی میڈیا ہاوسز میں داخل ہو کر ورکرز کو یرغمال بنا سکتے ہیں لہذا حکومت فوری طور پر میڈیا ہاوسز کی سیکورٹی کو یقینی بنائے ۔

مظاہرین نے دہشت گردوں اور میڈیا پر ہونے والے حملوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور تقریب تین گھنٹے تک اپنا احتجاج جاری رکھا۔