دہشت گردی کیخلاف غیر معمولی جرأت دکھانے کا اعتراف ،برازیل کا جنرل راحیل شریف کیلئے ملک کا سب سے بڑا آرڈر آف دی میرٹ ایوارڈ

جمعرات 26 نومبر 2015 08:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26نومبر۔2015ء) برازیل نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرنے پر انہیں ملک کے سب سے بڑے آرڈر آف دی میرٹ ایوارڈ سے نواز ا ہے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف جو ان دنوں برازیل کے دورے پر ہیں، گزشتہ روز انہوں نے برازیل کے وزیر دفاع سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

برازیل حکومت نے جنرل راحیل شریف کو ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے حوالے سے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور غیر معمولی جرات دکھانے پر آرڈر آف دی میرٹ ایوارڈ سے نوازا ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے راحیل شریف کی جانب سے اپنے ملک کیلئے بے پناہ قربانیوں اور خدمات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے خطے کیلئے عظیم جدوجہد کی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات‘ سکیورٹی چیلنجز اور برازیل اولمپکس 2016 ء کے سکیورٹی تعاون پر بات چیت کی۔ برازیل کے وزیر دفاع نے کہا کہ راحیل شریف نے پاکستانی قوم کو مایوسی سے امید میں بدل دیا۔ دونوں رہنماؤں نے انسداد منشیات کیلئے تجربات سے مستفید ہونے پر بھی اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :