اقتصادی راہداری کی منصوبہ بندی اور عملدرآمداس انداز سے کیا جائے کہ خیبر پختونخوا ،فاٹا اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کوملایااورانکی ترقی کوعملی جامہ پہنایاجاسکے،عمران خان

جمعہ 27 نومبر 2015 09:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2015ء)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی منصوبہ بندی اوراس پرعملدرآمداس انداز سے کیا جائے جس سے خیبر پختونخوا ،فاٹا اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کوملایااوران کی ترقی کوعملی جامہ پہنایاجاسکے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اس بات پر افسوس کا اظہارکیاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کامقصد غیر ترقیافتہ علاقوں کو ترقیافتہ علاقوں کے برابر لانا تھالیکن اسے ترقیافتہ حصوں سے گزاراجا رہا ہے اوراس بات کونظر انداز کیا جارہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کوبھی ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ پر کام کرنے سے نہ صرف اس منصوبے کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ اس کا فاصلہ بھی کم ہوگا جبکہ افادیت بڑھے گی۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکرکی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفدکے ارکان سے باتیں کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انکی پارٹی ہمیشہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرے گی تاکہ وطن عزیز کے وہ پسماندہ علاقے جو ہمیشہ سے نظر انداز ہوتے چلے آ رہے ہیں کوبھی دوسرے علاقوں کیساتھ برابری کی سطح پر لایا جاسکے۔

وفدکے ارکان میں ایم پی اے ڈاکٹر حیدر علی خان،صوبائی آرگنائزرپی ٹی آئی فضل محمد خان،ناظم تحصیل ٹوپی محمد سہیل،ناظم تحصیل لاہور صوابی سہیل خان اور قبائلی لیڈر ایوب آفریدی بھی شامل تھے۔موخر الذکرنے اس موقع پر عمران خان کی لیڈر شپ پر اعتمادکا اظہارکرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔پاٹا میں اصلاحات کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ انکی پارٹی پاٹامیں اصلاحات کو سپورٹ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام پر دوسروں کی رائے مسلط نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام نے پاکستان کے قیام کے سلسلے میں بیش بہاقربانیاں دی ہیں اور اب وقت آ چکا ہے کہ انکی قربانیوں کے اعتراف میں انہیں ان کا حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کو بھی ملک کے دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائے جانے کی ضرورت ہے۔عمران خان نے اس موقع پر ایوب آفریدی کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔