موسمیاتی تبدیلی دنیا میں انسانی زندگیوں کیلئے بڑا خطرہ ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، وزیراعظم، گلیشیئرز کے پگھلنے،سیلاب اور سطح سمندر میں اضافے کے خطرات کا سامنا ہے،وزیر اعظم نواز شریف کا مالٹا میں دولت مشترکہ کے 24ویں سربراہ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی پر سیشن سے خطاب ،دہشتگردانسانیت کے مشترکہ دشمن ہیں ،فرانس کودہشتگردی کے خلاف جنگ میں مددکی پیشکش کرتے ہیں ،نوازشریف،وزیراعظم کی مالٹامیں فرانسیسی صدر،برطانوی وزیراعظم سے ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات ،دہشتگردی سمیت اہم عالمی اورعلاقائی امورپرتبادلہ خیال

ہفتہ 28 نومبر 2015 09:43

مالٹا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا میں انسانی زندگیوں کیلئے بڑا خطرہ ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، گلیشیئرز کے پگھلنے،سیلاب اور سطح سمندر میں اضافے کے خطرات کا سامنا ہے،ہمالیہ کے گلیشیئرز دنیا کے کسی بھی دوسرے حصے سے زیادہ تیزی سے پگھل رہا ہے، پاکستان کم ترین گرین ہاؤس گیسلز چھوڑنے والے ممالک میں شامل ہے۔

وہ جمعہ کو مالٹا میں دولت مشترکہ کے 24ویں سربراہ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی پر سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا بھر میں انسا نی زندگیوں کیلئے بڑا خطرہ ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، گلیشیئر کے پگھلنے سیلاب اور سطح سمندر میں اضافے کے خطرات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوہ ہمالیہ کے گلیشیئرز دنیا کے کسی بھی دوسرے حصے سے زیادہ تیزی سے پگھل رہے ہیں،2010ء اور 2011ء میں ہمیں بڑے سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کم ترین گرین ہاؤس گیسلز چھوڑنے والے ممالک میں شامل ہے، عالمی سطح پر گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف 0.8فیصد ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پیرس کانفرنس جامع موسمیاتی تبدیلی معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے، امید ہے کہ یہ کانفرنس بات چیت تک محدود نہیں رہے گی، کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے وسائل اور ٹیکنالوجی بھی فراہم کی جائے گی،ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی تشکیل دی اور عملدرآمد کا لائحہ عمل طے کیا،قومی معیشت اور ترقی میں ماحول دوست پالیسیاں اختیار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم محمدنوازشریف فرانس میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردانسانیت کے مشترکہ دشمن ہیں ،انہوں نے فرانس کودہشتگردی کے خلاف جنگ میں مددکی پیشکش بھی کی ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے آج جمعہ کے روزمالٹامیں فرانسیسی صدرفرانسواولان کے ساتھ ملاقات میں کیا،دونوں رہنماوٴں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت دیگرباہمی اورعالمی دلچسپی کے اموربشمول دہشتگردی کے مسئلے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پرفرانسیسی صدرنے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کااعتراف کرتے ہوئے پاکستانی قوم کے حوصلے اورجرأت کوخراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پروزیراعظم نوازشریف نے فرانسیسی صدرسے پیرس حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کااظہارکیااوراپنی حکومت اورعوام کی طرف سے اظہارہمدردی کیا۔وزیراعظم کاکہناتھاکہ دہشتگردی انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے ،وزیراعظم نے فرانس میں دہشتگردی کی شدیدمذمتکرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مددکی پیشکش بھی کی ہے ۔

ادھروزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کا دوست اور قابل شراکت دار ہے ، امن کیلئے بھارت کے ساتھ پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کے لئے تیار ہیں ، دولت مشترکہ سربراہ اجلاس سے قبل مالٹا میں موجود برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک برطانیہ تعلقات ، افغانستان اور خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پاکستان برطانیہ اور دولت مشترکہ کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور برطانیہ کو اپنا دوست اور قابل شراکت دار سمجھتا ہے انہوں نے کہاکہ کثیر الجہتی چیلنجز کے تناظر میں دولت مشترکہ کہ ممالک کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت ہے افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں مفاہمتی عمل میں امریکہ ، چین اور دوسرے ممالک کی شرکت معاون ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے اور ہم نے دو سال میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے ہم امن کیلئے بھارت کے ساتھ بغیر پیشگی شرائط کے مذاکرات کے لئے تیار ہیں ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے