وزیراعظم نوازشریف کی آسٹریلوی ہم منصب اور دولت مشتر کہ کی نو منتخب چیئرمین سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعاون خطے میں امن وامان کی صورتحال،تجارت،توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال،پاکستان سے پولیو کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھ کر اقدامات کر رہے ہیں،محمد نوازشریف،پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں دولت مشترکہ سے تعاون کی توقع ہے،انسداد پولیو کے لئے ہیلتھ ورکرز کا نیٹ ورک تشکیل دیا اور سول سوسائٹی،میڈیا اور مذہبی رہنماؤں کو بھی ہم میں شامل کیا،وزیراعظم کا دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں انسداد پولیو سیشن سے خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 10:00

مالٹا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف اور آسٹریلیا کے وزیراعظم میلکم ٹرن بل کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعاون خطے میں امن وامان کی صورتحال،تجارت،توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کے روز وزیراعظم محمد نوازشریف نے مالٹا میں آسٹریلوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک آسٹریلیا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس کے علاوہ تعلیم وتحقیق،توانائی اور دوسرے شعبوں میں مشترکہ تعاون پر بھی بات چیت ہوئی،دونوں رہنماؤں نے تجارت سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے آسٹریلوی ہم منصب کو خطے میں امن وسلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف نے دولت مشترکہ کی نو منتخب سیکرٹری جنرل بارونس پیٹریکیا کے ساتھ ملاقات کی،ملاقات میں بارونس پیٹریکیا نے انکے انتخاب کے دوران پاکستان کی جانب سے حمایت پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا اہم رکن ملک ہے اور اس کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کو اہمیت دیتا ہے بالخصوص جمہوریت کے اہم اقدار،آزادی،امن وقانون کی حکمرانی اور سب کیلئے مواقعوں کو ۔

انہوں نے دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھ کر اقدامات کر رہے ہیں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں دولت مشترکہ سے تعاون کی توقع ہے،مالٹا میں دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں انسداد پولیو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھ کر اقدامات کر رہے ہیں،ہم نے آنے والی نسلوں کو پولیو سے بچانے کیلئے متعدد اقدامات کئے،ہم انسداد پولیو کے لئے والدین میں آگاہی سمیت بھرپور مہم چلا رہے ہیں ہم نے انسداد پولیو کے لئے ہیلتھ ورکرز کا نیٹ ورک تشکیل دیا اور سول سوسائٹی،میڈیا اور مذہبی رہنماؤں کو بھی ہم میں شامل کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کے لئے قطرے پلانے والے ورکروں کو سیکورٹی فراہم کر رہے ہیں،ہمارا ہدف ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے،خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں پولیوکے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں دولت مشترکہ سے تعاون کی توقع ہے