ڈاکٹر عاصم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی،وزیر داخلہ چوہدری نثار ،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری ایک بیماری تھی جس کا آپریشن کرنا ضروری تھا،پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے کراچی آپریشن پر تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں،صحافیوں سے گفتگو

اتوار 29 نومبر 2015 10:00

واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2015ء)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری ایک بیماری تھی اس بیماری کا آپریشن کرنا ضروری تھا، ڈاکٹر عاصم کی رپورٹ میرے پاس ہے ،قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے کراچی آپریشن پر تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں۔ہفتہ کے روز واہ کینٹ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا ہے ،28 اگست 2013 کو ایم کیو ایم کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا تھا جس میں انہوں حکومت سے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کیلئے کراچی میں آپریشن شروع کیا جائے، چند ماہ میں کراچی آپریشن میں تیزی آئی ہے ،کراچی کے حالات ماضی کی نسبت بہت بہتر ہیں اور اس میں مزید بہتری آرہی ہے ،2013 اور 2015 کے کراچی میں زمین اور آسمان کا فرق ہے، چوہدری نثار نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو کراچی آپریشن پر تحفظات ہیں تو ہم نے پہلے بھی تحفظات دور کئے ہیں اور اب بھی کرنے کو تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن وزارت داخلہ خود مانیٹر کررہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کی تفتیشی رپورٹ میرے پاس موجود ہیں جوبھی ہوگا قانون کے مطابق ہوگا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں صحافیوں کو نشانہ بنانا افسوس ناک ہے ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے میگا پراجیکٹ پر کام کررہی ہے 2013, کے کراچی اورکوئٹہ اور آج کے میں بہت فرق ہے ،رینجرز اور صحافیوں پر حملوں کی مذمت کافی نہیں ،میڈیا نمائندوں اور اداروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے واہ کینٹ میں واہ جنرل ہسپتال ،ریسکیو 1122اور دیگر پراجیکٹس پر جاری کاموں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر رہی سندھ ،بلوچستان اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران فوج اور پولیس اور دیگر سیکورٹی کی کارکردگی پر فخر ہے پنجاب کے آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی توجہ دی جائے گی چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ28اگست 2013میں ایم کیو ایم نے آپریشن کا مطالبہ کیا تھا ہم نے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد آپریشن کا آغاز کیا اگر کسی پارٹی کے آپریشن کے حوالے سے خدشات ہیں تو وہ دور کرنے کوتیار ہیں آپریشن میں تیزی آئی ہے اور انشاء اللہ آئندہ اس میں مزید تیزی آئے گی ہماری یہ روایت ہے کہ جو اچھا کام کیا جاتا ہے اس کا احساس کم ہوتاہے ہمیں تعریف کی نہیں احساس کی ضرورت ہے ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کوئٹہ میں اکثر پنجابی جو وہاں سالہا سال سے آباد تھے عدم تحفظ کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑ کر آگئے مگر اب وہاں کا امن دیکھ کر واپس جاچکے ہیں انہوں نے کہا کہ صورتحال میں بہتری آئی ہے، جعلی شناختی کارڈ بلاک کئے جانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا کے 200ملازمین کو نکالا گیا اور ان کے خلاف مقدمات قائم کئے گئے جسے نکالا جاتا ہے عدالت چلا جاتا ہے نادار کے پاس زیادہ سہولیات نہیں ہے اس حوالے سے سیکورٹی ادارے ان کو مدد فراہم کررہے ہیں قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واہ جنرل ہسپتال سمیت دیگر منصوبوں پر جاری ترقیاتی کا موں کا جائزہ لیا اور انہیں اس حوالے سے بریفنگ دی گئی انہیں بتایا گیا کہ 500بیڈ پر مشتمل واہ جنرل ہسپتال کا منصوبہ فروری 2016تک مکمل کر لیا جائے گا چوہدری نثار علی خان نے پی او ایف انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کے تعاون اور کارکردگی کو سراہا۔