آسٹریلیا نے پاکستان کو قطر سے بھی سستی ایل این جی مہیا کرنے کی پیشکش کر دی،آسٹریلیا پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ایل این جی ، کوئلہ دوسرے ممالک بشمول قطر سے سستا مہیا کرنے کو تیار ہے،آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ اڈمسن کا پاکستان آسٹریلیا بزنس فورم سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 09:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2015ء) آسٹریلیا نے پاکستان کو قطر کے مقابلے میں سستی ایل این جی مہیا کرنے کی پیشکش کر دی۔ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت آسٹریلیا نے پاکستان سے بھرپور تعاون کرنے کی پیشکش کر دی۔ آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ اڈمسن نے پاکستان آسٹریلیا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ایل این جی اور کوئلہ دوسرے ممالک بشمول قطر سے سستا مہیا کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے سنہری موقع ہے کہ آسٹریلین ٹیکنالوجی‘ جدید ساز و سامان اور آسٹریلین سروسز سے فائدہ اٹھائیں تاکہ اپنے زرعی اور ٹیکنیکل پیداوار کر سکیں۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا بجلی بحران اور دوسرے مسائل کے حل کیلئے اپنے ماہرین کی خدمات دینے کیلئے بھی تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پہلے سے کوئلہ‘ لوہا اور دھات درامدات کر رہا ہے اور لیدر‘ ٹیکسٹائل اور سرجیکل چیزیں آسٹریلیا برآمدات کی جا رہی ہیں ان کے مطابق آسٹریلیا میں دنیا کی بہترین کمپنیاں موجود ہیں جو ڈیم منصوبوں اور توانائی منصوبوں پر مہارت رکھتے ہیں اور حکومت آسٹریلیا ہر شعبے میں مکمل تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔

پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستانی طالب علموں کو آسٹریلیا کی مختلف یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم دی جا رہی ہے اور اس وقت آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں میں 15000 طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی دفاعی اور تجارتی تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور آسٹریلیا ہر شعبے کی بہتری کیلئے تعاون کرنے میں پہل کرے گا۔ آسٹریلیا کی طرف سے پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی اور جدید ٹیکنالوجی آگاہی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :