پیرمحل،ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب، 147پولنگ اسٹیشنو ں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیرقطب علی شاہ نے56628،آزاد امیدوارسیدہ سونیاعلی نے 35615 ووٹ حاصل کئے

جمعرات 7 جنوری 2016 09:20

پیر محل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7جنوری۔2016ء )2016ء کے پہلے سیاسی معرکے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے پیر قطب علی شاہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں۔ کامیابی خوشیمیں پارٹی کارکناننے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور میاں نواز شریف حکومت کے حق میں نعرہ بازی کی ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرحوم رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید علی رضا شاہ کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر صوبائی اسمبلی کا الیکشن مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار پیرقطب علی شاہ المعروف علی بابا نے بھاری اکثریت سے جیت لیا جب کہ ان کی مدمقابل پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوارسیدہ سونیاعلی رضا شاہ نے 147پولنگ اسٹیشنو ں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 35615 اور پیرقطب علی شاہ نے 56628ووٹ حاصل کئے اور یوں انہوں نے ضمنی الیکشن 21013ووٹوں سے جیت لیا ان کی رہائش گاہ دربار سندھیلیانوالی پر جشن کا سماں تھا۔

(جاری ہے)

جیت کی خوشی میں مسلم لیگ ن کارکنوں کی بڑی تعدادشہر سڑکوں پر نکل آئی ۔ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے مٹھائیا ں بھی تقسیم کی گئیں اور آتشبازی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ میاں نواز شریف کے حق میں زبردست نعرہ بازی بھی کی گئی۔نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بھانجے ،مرحوم سینیٹر پیر سید اسرار حسین شاہ کے پوتے اور سابق رکن صوبائی اسمبلی پیرسید اسرار حسین شاہ کے صاحبزادے اور دربار قطبیہ سندھیلیانوالی کے سجادہ نشین ہیں۔الیکشن میں شکست خوردہ آزاد امیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ نے پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔