سعودی عرب اورایران میں تصادم نہیں ہوناچاہئے ،معاملے کے حل کیلئے اسلامی ممالک سے رابطے میں ہیں ،خواجہ آصف ،پاکستان ہرقسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے ،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے بعد ہی بات ہوگی،نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 9 جنوری 2016 09:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8جنوری۔2016ء)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ سعودی عرب اورایران میں تصادم نہیں ہوناچاہئے ،معاملے کے حل کیلئے اسلامی ممالک سے رابطے میں ہیں ،پاکستان ہرقسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے ،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے بعدبات ہوگی۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضرب عضب آپریشن میں ہم نے حقانی نیٹ ورک سمیت ہرگروپ کے خلاف کارروائی کی ہے ،کوئی فردریاست سے بالاترنہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پٹھان کوٹ حملے کی ابھی تحقیقات کی جارہی ہیں ،اس پرتحقیقات کے بعدہی بات کی جاسکتی ہے ،ہم ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں ،دہشتگرد کسی کادوست نہیں ہوسکتا،جوہمیں جنگ میں دھکیلناچاہتے ہیں وہ ہمارے دشمن ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی گئی ،پاکستان میں مشترکہ اورباہمی مشاورت سے ملکی مفادمیں فیصلے ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 2برادراسلامی ممالک میں تصادم نہیں ہوناچاہئے ،ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب اورایران کے درمیان کشیدگی نہ بڑھے اورہم اس سلسلے میں اسلامی ممالک سے رابطے میں ہیں ۔