سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان آج اسلام آباد پہنچیں گے، محمد بن سلمان وزیراعظم نواز شریف،وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کریں گے،سفارتی ذرائع،سعودی وزیر دفاع پاکستانی قیادت سے باہمی دلچسپی سمیت علاقائی صورتحال اور سعودی ایران تناؤ پر تبادلہ خیال کرینگے

اتوار 10 جنوری 2016 10:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جنوری۔2016ء) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان آج (اتوار) کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ میڈیا رپورٹس میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم مذاکرات کریں گے۔ ان کا دورہ سعودی ایران تناؤ کے منظر نامہ میں انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

سفارتی ذرائع نے کہا کہ محمد بن سلمان وزیراعظم نواز شریف وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کریں گے اور باہمی دلچسپی سمیت علاقائی صورتحال اور سعودی ایران تناؤ پر تبادلہ خیال کرینگے۔ اس سے قبل گزشتہ دنوں سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر عادل الجبیر پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان سعودی وزیر دفاع کے دورے کے حوالے سے دستیاب نہیں ہو سکے تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی نائب ولی عہد پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف 34 ملکی اتحاد کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان پہلے ہی اس اتحاد کی تشکیل کا خیر مقدم کر چکا ہے اور یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ فوجیوں کی تربیت انٹیلی جنس شیئرنگ کی خدمات دینے کے لئے تیار ہے۔ تاہم وزرائے دفاع کے میٹنگ کے بعد مزید شعبوں میں تعاون کی راہیں تلاس کی جائیں گی جو رواں ماہ ریاض میں ہو گی۔ ذرائع کے مطابق سعودی پاک قیادت کے ساتھ میٹنگ میں سعودی ایران تناؤ زیر بحث آئے گا۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ مفاد امہ کے لئے سعودی عرب اور ایران اپنے اختلافاتبات چیت سے حل کریں اور یہی بات سعودی وزیر خارجہ کو بھی بتائی گئی۔