آئی ایم ایف کا ٹیکس ایمنسٹی اسکیم اور نجکاری پروگرام کی سست رفتار پر اظہار تشویش،دنیا میں ایمنسٹی سکیمیں ٹیکس بڑھانے میں زیادہ تر معاون ثابت نہیں ہوسکیں، ہیرالڈ فنگر،پی آئی اے کی نجکاری تاخیر کا شکار ہے، حکومت پارلیمنٹ کے اندر پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اتفاق رائے پیدا کرے، اسٹیل ملز کی نجکاری کے لئے بھی جلد پیش رفت کی جائے، ٹیلی فونک کانفرنس

جمعرات 14 جنوری 2016 02:50

اسلام آباد، واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14جنوری۔2016ء)آئی ایم ایف نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم اور نجکاری پروگرام کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کردیا، آئی ایم ایف کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیرالڈ فنگر کا کہنا ہے کہ دنیا میں ایمنسٹی سکیمیں ٹیکس بڑھانے میں زیادہ تر معاون ثابت نہیں ہوسکیں۔

(جاری ہے)

واشنگٹن سے ٹیلی فونک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیرالڈ فنگر نے کہا کہ حکومت اس اسکیم کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی، نجکاری پروگرام کی سست رفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری تاخیر کا شکار ہے، حکومت پارلیمنٹ کے اندر پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اتفاق رائے پیدا کرے، اس کے ساتھ ساتھ اسٹیل ملز کی نجکاری کے لئے بھی جلد پیش رفت کی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ خسارہ بڑھنے سے حکومتی قرضہ بڑھا ہے، بنکوں سے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کے مواقع فراہم کئے جائیں، پاکستان میں گذشتہ ایک دھائی میں غربت میں کمی آئی ہے تاہم اب بھی اس کی شرح زیادہ ہے، حکومت غربت کے خاتمے کو سنجیدگی سے لے، ہیرالڈ فنگر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔