الیکشن کمیشن پاکستان نے عدالت کو ڈھال بناکر پنجاب کے حکومت مخالف نومنتخب چیئرمینوں کے نتائج روک دیے

پیر 18 جنوری 2016 10:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء)الیکشن کمیشن پاکستان نے عدالت کو ڈھال بناکر پنجاب کے حکومت مخالف نومنتخب چیئرمینوں کے نتائج روک دیے ۔الیکشن کمیشن میں موجود آفیسرنے بلدیاتی ممبران و چیئرمینوں کو چکر لگوانا شروع کر دیے ہیں جبکہ ویب سائٹ پر بھی پنجاب کو واش کر دیا گیا ،انتہائی مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن میں نوٹیفیکشن کے اجرا کرنے والے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن عرفان کوثر نے متعدد ایسے امیدواروں کے نتائج ہائی کورٹ لاہور کے حکم پر روک دیے ہیں اور کہا کہ لاہور سے جب تک الیکشن کمیشن کے لیگل آفیسر کی حتمی رائے نہیں آجاتی اس وقت تک نوٹیفیکشن جاری نہیں ہو سکے گا۔

منڈی بہاؤالدین یونین کونسل کے 52سے جیتے امیدوار نے جب لاہور تک پیچھا کیا تو سارے کھیل کا بھانڈا پھوٹ گیا ،پنجاب کے لیگل آفیسر نے ایک لیٹر کے ذریعے بتایا کہ جب عدالت نے حکم امتناعی دیا ہی نہیں تو پھر رزلٹ کیوں روکا گیا ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مذکورہ آفیسر نے لیٹر موصول کر کے کہا کہ دو دن بعد لیٹر جاری کیا جائے گا اور تحریک انصاف کے جیتے ہوئے امیدوار کو بتایا کہ 14جنوری کو آپ حلف برداری میں شریک ہو سکیں گے مگر فائل کے ساتھ دیگر افراد کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے گئے اور متعلقہ یو سی کو پھر بھی دبا لیا گیا ۔

15جنوری کو جب تیسرا چکر پر جیتے ہوئے امیدوار آئے تو مذکورہ آفیسر نے شام کو نوٹیفیکشن جار ی کر دیا ۔الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کو بھی ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کی اجازت سے ہی اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے جو تاحال تک پنجاب کے کسی ایک فرد کا رزلٹ لوڈ نہیں کیا گیا جبکہ سندھ کے تمام رزلٹ ویب سائٹ پر موجود ہیں اسی طرح پنجاب کے 30ہزار بلدیاتی چیئرمینوں کو یہاں اسلام آباد میں چکر لگانے پر مجبور کر دیا گیا۔

موقف جاننے کے لیے الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن عرفان کوثر نے بتایا کہ ویب سائٹ کے لیے آئی ٹی کو ڈیٹا فراہم کر دیا گیا ہے انہیں معلوم نہیں کہ وہ اپ ڈیٹ کیوں نہیں ہوئی ہے ،نوٹیفیکشن کی تاخیر کے حوالے سے بتایا کہ اس حوالے سے وہ دفتر میں جاکر ہی بتا سکیں گے چھٹی والے دن کچھ نہیں بتا سکتے ۔