سزائے موت کے قیدی ممتاز قادری نے صدر مملکت سے رحم کی اپیل کر دی ، اپیل وزیراعظم آفس کوبھجوائی جائے گی ، وزیراعظم صدر مملکت کو ایڈوائس کرینگے

بدھ 20 جنوری 2016 07:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2016ء)سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے مجرم ممتاز قادری نے صدر مملکت سے سزائے موت کی معافی کے لئے رحم کی اپیل کر دی ہے ۔ وزارت داخلہ ممتازقادری کی رحم کی اپیل وزیراعظم آفس کوبھجوائی جائے گی اور وزیراعظم صدر مملکت کو ایڈوائس کرینگے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ممتاز قادری نے دسمبر 2015میں وزارت داخلہ کو اپنی سزا کی معافی کے لئے صدر مملکت کے نام رحم کی اپیل ارسال کی تھی اور گزشتہ سال کے آخر میں سزائے موت کے قیدیوں کی طرف سے وزارت داخلہ کو موصول ہونیوالی یہ آخری رحم کی اپیل تھی ۔

وزارت داخلہ ممتاز قادری کی اپیل کو آئندہ چند روز میں وزیراعظم آفس کو بجھوا ئے گی ۔ وزیراعظم آفس اپنی ایڈوائس کے ساتھ یہ اپیل صدر مملکت کو منظوری کے لئے بجھوائے گا ۔صدر ممتاز قادری کی سزا معاف کرنے یا نہ کرنے کی منظوری دینگے۔