وزیراعظم کیخلاف بیرون ملک انگریزی میں تقاریر پر سپریم کورٹ میں دائر توہین عدالت کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور

ہفتہ 23 جنوری 2016 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23جنوری۔2016ء ) پاکستان میں اردو کے نفاذ کے عدالتی فیصلے کے باوجود وزیراعظم کی بیرون ملک انگریزی میں تقاریر پر ان کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر7 توہین عدالت کی درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا ہے۔ ملک میں اردو کے نفاذ کے لیے عدالتی فیصلے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے بیرون ملک انگریزی میں تقاریر پر ان کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی متفرق درخواست دائر کی گئیں جنہیں عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے جب کہ اس کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 28 جنوری کو کرے گا۔

وزیراعظم نوازشریف کی انگریزی میں تقاریر پر متفرق درخواستوں میں درخواست گزاروں نے ملک میں اردو کے نفاذ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا ہے جب کہ ان کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود وزیراعظم نے انگریزی میں تقاریر کیں جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے وزیراعظم نوازشریف ڈیووس میں موجود ہیں جہاں انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم میں تاجروں سے انگریزی میں خطاب کیا جب کہ اس سے قبل بھی کئی مواقع پر وہ انگریزی میں تقاریر کرچکے ہیں۔کوکب اقبال ایڈووکیٹ ،غنی الرحمان ،شاہد اورکزئی ،محموداخترنقوی سمیت سات لوگوں نے توہین عدالت کی درخواستیں دائرکررکھی ہیں ۔