کراچی،ایم کیو ایم رہنماء واسع جلیل سے رینجرز کی پوچھ گچھ،گھر جانے کی اجازت ،لندن جانے سے رو ک دیا گیا

جمعہ 29 جنوری 2016 09:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29جنوری۔2016ء)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء واسع جلیل کو لندن جانے سے روک دیا گیا ہے، کراچی ایئرپورٹ پر رینجرز نے ایم کیو ایم رہنماء سے پوچھ گچھ بھی کی اور پھر لندن کے بجائے کراچی میں واقع گھر جانے کی اجازت دیدی۔ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء واسع جلیل گزشتہ روز لندن جانے کیلئے کراچی ایئرپورٹ پہنچے تاہم انہیں طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل پر رینجرز نے ایم کیو ایم رہنماء اور سابق ٹاوٴن ناظم سے کافی دیر تک سوال و جواب بھی کئے، جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف واقعات کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت ہوئی تو انہیں دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنماء واسع جلیل تقریباً 10 ماہ لندن میں مقیم رہنے کے بعد چند روز قبل کراچی پہنچے تھے