کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کاارادہ نہیں، سیاسی مستقبل کا فیصلہ وقت آنے پر کروں گا ،جاوید ہاشمی،چارسدہ واقعہ قومی سانحہ سکول بند کرنا حل نہیں،مسئلہ کشمیر کے حل اور پاک بھارت مذاکرات کی کامیابی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے،جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے،کراچی آپریشن بلا امتیاز جاری رکھا جائے،صحافیوں سے گفتگو

بدھ 3 فروری 2016 08:46

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3فروری۔2016ء) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ابھی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کاارادہ نہیں ہے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ وقت آنے پر کروں گا ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ناکافی عوام کو ریلیف نہ مل سکے گا،چارسدہ واقعہ قومی سانحہ سکول بند کرنا حل نہیں ہے سکیورٹی فراہم کرکے دہشت گردی کا مقابلہ کیا جائے،بھارت میں پٹھان کوٹ واقعہ پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے،مسئلہ کشمیر کے حل اور پاک بھارت مذاکرات کی کامیابی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے،جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے،کراچی آپریشن بلا امتیاز جاری رکھا جائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں کے علاقہ126دس آر میں سابق ایڈ ہاک جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس (ر) چوہدری صغیر احمد ڈھلوں کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی اور امن وامان کا قیام دہشت گردی کے خاتمہ سے ہی مشروط ہے باچہ خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کاحملہ قومی سانحہ ہے لیکن دہشت گردوں کے خوف سے سکول بند کرنے کی بجائے تعلیمی اداروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرکے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے،کراچی آپریشن بلامتیاز جاری رہنا چاہیے اور اس آپریشن کے راہ میں روڑے اٹکانے والوں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت میں پٹھان کوٹ کا وقعہ ایک گھناؤنی سازش ہے جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے ،حکومت مسئلہ کشمیر کے مستقل حل اور پاک بھارت مزاکرات کی کامیابی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے کمی انتہائی ناکافی اور اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے اس کمی سے عوام کو کئی ریلیف نہیں مل سکتاعالمی منڈیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حساب سے پاکستان میں بھی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ خو ش آئند ہے اس فیصلے سے عوام میں جنرل راحیل شریف کے عزت و وقار میں اضافہ ہو اہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ فی الحال کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ نہیں رکھتے وقت آنے پر وہ سیاسی مستقبل کا فیصلہ دوستوں کی مشاورت سے کریں گے۔