الیکشن کمیشن نے تجرباتی طور پر الیکٹرانک مشین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے، زاہد حامد ، الیکشن کمیشن جلد الیکٹرانک مشین کیلئے ٹینڈر جاری کرے گا،نئے اتنخابی قوانین اور قواعد و ضوابط سے متعلق مسودہ دو ہفتوں میں تیار کرلیں گے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 4 فروری 2016 08:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2016ء) وفاقی وزیر و چیئرمین قومی اسمبلی انتخابی اصلاحات کمیٹی زاہد حامد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تجرباتی طور پر الیکٹرانک مشین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے الیکشن کمیشن جلد الیکٹرانک مشین کیلئے ٹینڈر جاری کرے گا۔ نئے اتنخابی قوانین اور قواعد و ضوابط سے متعلق مسودہ دو ہفتوں میں تیار کرلیں گے۔

بدھ کو انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر تک الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کرلی جائیگی۔

(جاری ہے)

ستمبر کے بعد کسی بھی ضمنی الیکشن میں الیکٹرانک مشین کا تجربہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے تجرباتی طور پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک مشین کیلئے جلد ٹینڈر جاری کرے گا۔

نادرا نے بائیو میٹرک مشین کے استعمال کیلئے کنورٹر لگانے کی تجویز دی ہے کنورنٹر کے ذریعے نادرا کے ڈیٹا بیس میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق آسان ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتخابی قانون سے متعلق مسودہ 2 ہفتوں تک مکمل کریں گے اور انتخابی اصلاحات کمیٹی کی صوبائی حکومتوں کو مجوزہ انتخابی قانون میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق چیپٹر کی 15 فروری تک منظوری دینے کی ہدایت کی ہے۔