حکومت کا اتحاد ایئر لائن سے معاہدہ ،پی آئی اے کے ٹکٹوں کی فروخت شروع،تحاد ایئر لائن آج سے پی آئی اے کی جگہ ملکی و غیر ملکی پروازیں شروع کردیگی، ٹکٹ پی آئی اے یا اتحاد ایئر لائن کے ہونگے، ترجمان،شاہد خاقان عباسی نے بھی حکومت کو ایئر بلیو کی خدمات پیش کی تاہم ٹکٹوں کے ریٹ پرحکومت نے معاہدہ کرنا مناسب نہ سمجھا،ذرائع

جمعہ 5 فروری 2016 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2016ء) حکومت نے پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد ایئر لائن سے معاہدہ کرتے ہوئے پی آئی اے کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی ہے ۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق اتحاد ایئر لائن آج جمعہ سے پی آئی اے کی جگہ ملکی و غیر ملکی پروازوں کا سلسلہ شروع کردے گی اور ٹکٹ پی آئی اے یا اتحاد ائر لائن کے ہی ہوں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بھی حکومت کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے ائر بلیو کی خدمات پیش کرنے کی آفر کی تھی تاہم ٹکٹوں کے ریٹ پر حکومت نے معاہدہ کرنا مناسب نہ سمجھا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اتحاد ائر لائن کے چیف ایگزیکٹو نے باقاعدہ طورپر معاہدہ کرکے پی آئی اے کی جانب سے خدمات آج شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اپوزیشن سمیت تمام تر سیاسی و سماجی پریشر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پی آئی اے کی نجکاری کو حتمی شکل دیدی ہے پی آئی اے ترجمان کے مطابق آج جمعہ کو سعودی ائر لائن سے گزشتہ روز معاہدہ ہونے کے بعد پہلی عمرہ زائرین پرواز لیکر اسلام آباد پہنچے گی