پالپا کی پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی ڈیڈ لائن، پی آئی اے اور مسافروں کا مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتے، 3دن کا سوگ مکمل ہو چکا، پائلٹس اب کام پر جائیں گے، صدر عامر ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو ، پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ، فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی بند رہا،معاملات جوں کے توں ،مسافروں کی پریشانی اور ایپرن پر کھڑے طیاروں کا آرام جاری

اتوار 7 فروری 2016 10:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2016ء) پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن نے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔پالپا نے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فوری فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اور مسافروں کا مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتے، 3دن کا سوگ مکمل ہو چکا، پائلٹس اب کام پر جائیں گے۔

پالپا حکام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی تو فلائٹ آپریشن بحال کردیں گے۔ پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پالپا نے جب کبھی بھی ہڑتال کی تو قوائد و ضوابط کو مد نظر رکھا، جس روز پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند ہوا اس روز بھی دوپہر 2بجے تک تمام فلائٹس معمول کے مطابق اڑائی گئیں۔

(جاری ہے)

عامر ہاشمی نے کہا کہ فلائٹ آپریشن بند کرنے کے نہ پہلے حق میں تھے اور نہ اب ہیں، ہمیں ہڑتال پر جانے کے لئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر پالپا نے ہڑتال نہ کی تو پائلٹس کے ٹکڑے کر دیں گے۔دھمکی دینے والے لوگوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ہڑتال کیلئے مجبور کیا انھی لوگوں نے دھمکیاں بھی دیں، میرے پاس تمام دھمکیاں ریکارڈ کی صورت میں موجود ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ چکا ہوں جب کہ تمام ثبوتوں کے ساتھ جلد مقدمہ بھی درج کراں گا۔

پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث فلائٹ آپریشن ہفتہ کوپانچویں روز بھی بند رہا اورمعاملات جوں کے توں رہے جبکہ مسافروں کی پریشانی اور ایپرن پر کھڑے طیاروں کا آرام جاری ہے ۔پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک آنے اور جانیوالی تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں ،پی آئی اے ملازمین کی مسلسل ہڑتال کے باعث پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

ہڑتال کے باعث پی آئی اے کے تمام دفاتر میں کام مکمل بند ہے،ٹکٹ کاونٹرز سمیت پی آئی اے کے تمام دفاتر میں اہلکار غائب ہیں۔ نجی ایئر لائن کی جانب سے ابھی تک پی آئی اے کے مسافروں کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔سیالکوٹ میں کویت سے آنے والی اور کراچی جانے والی پروازجبکہ سعودی عرب سے آنے والی اور اسلام آباد جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں ۔

فیصل آباد میں بھی جدہ سے آنے والی اور کراچی جانے والی دو فلائٹ منسوخ ہوئی ہیں۔سکھرمیں آج کی دو پروازیں منسوخ ہیں ۔ہڑتالی ملازمین دفاتر کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ۔گلگت کی بھی ایک پرواز معطل ہے ۔ادھر اسکردو میں پانچ روز میں پانچ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں ۔پی آئی اے کے کسی جہاز کے اڑان نہ بھرنے سے چار ہزارسیزائد پاکستانی سعودی عرب میں پھنس گئے۔پاکستانی قونصل جنرل کہتے ہیں 900افراد کو پاکستان بھجوا دیا ۔

متعلقہ عنوان :