پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ملک بدر ہونیوالے افراد سے متعلق معاملات طے پاگئے ، ترجمان وزارت داخلہ ،جرائم میں ملوث ہونے کی بنیاد پر ملک بدر کرنے کے حوالے سے معلومات پاکستان سے شیئر کی جائیں گی ، یورپی یونین نے انسانی سمگلنگ کیخلاف وزارت داخلہ کے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے،بیا ن

پیر 8 فروری 2016 09:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2016ء) ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ملک بدر ہونے والے افراد سے متعلق معاملات طے پاگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ملک بدر ہونیوالے افراد سے متعلق معاملات برسلز میں ہونے والے اجلاس میں اتفاق رائے سے منظور کرائے گئے۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ یورپی یونین نے انسانی سمگلنگ کیخلاف وزارت داخلہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ اس سلسلے میں پاکستان کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ جرائم میں ملوث ہونے کی بنیاد پر ملک بدر کرنے کے حوالے سے تمام معلومات پاکستان سے شیئر کریں گے۔ یورپین نے انسانی سمگلنگ کے حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے وضع کردہ طریقہ کار کے اقدام کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ یورپی یونین سہریت کی تصدیق اور واپسی کیلئے وزارت داخلہ کے طریقہ کار کی مکمل پاسداری کرے گی۔ اس اقدام سے تصفیہ طلب امور کے حل سے ملک بدر کئے جانے والوں کی منظم واپسی ممکن ہوگی۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے یورپی یونین کی جانب سے ملک بدر کیے جانے والے پاکستانیوں کے حوالے سے معاملے کا نوٹس لے کر اس اقدام پر یورپی یونین سے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔