چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ، سابق وزیر خزانہ خیبر پختونخواسید مرید کاظم اور سابق چیئرمین پاکستان سٹیل ملز کراچی معین آفتاب شیخ کیخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ، سابق سیکرٹری پوسٹل سروسز راجہ اکرام الحق اور وزیر صنعت سندھ محمد علی ملکانی اور سابق وزیر تعلیم گلگت بلتستان علی مدد شیر کے خلاف انکوائری کی منظوری ،نیب زیرو ٹالریننس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے کرپشن کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون پر عملدرآمد اور آگہی مہم کے ذریعے اقدامات کئے جا رہے ہیں ،قمر زمان چوہدری کا اجلاس سے خطاب

بدھ 10 فروری 2016 09:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے اراضی سیکنڈل میں ملوث خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر سید مرید کاظم اور گندم سیکنڈل میں سلطان فلور اینڈ جنرل ملزپرائیویٹ لمیٹید ملتان کے مالک سعید احمد قریشی کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے ،و زیر صنعت سندھ محمد علی ملکانی،سابق ناظم ضلع ٹھٹھہ حاجی شوکت ملکانی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی اور اراضی پر قبضہ کے الزام میں انکوائری ،پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اورکراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں ، پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ،میڈیکل بلوں کی غیر قانونی وصولی،گاڑیوں کو بغیر منظوری کے غیر مجاز افسران کا استعمال ،فیول اور تنخواہوں کی ادائیگی پرسابق وفاقی وزیر ،وزیر مملکت، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور کے پی ٹی کے افسران کے خلاف انکوائری ،وزارت انفار میشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیشنل کلیئرنگ ہاؤ س کے معاملات اور مانیٹرنگ غیر قانونی طریقے سے پی ٹی سی ایل کے حوالے کرنے سے متعلق مبینہ طور پرقومی خزانے کو ماہانہ ایک ارب روپے کے نقصان کے معاملے کی دوبارہ انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر میں ہوا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیر خزانہ خیبر پختونخواسید مرید کاظم اور دیگر کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملزموں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 1976 کنال سرکاری ملکیتی قیمتی زمین نیول فیملیز ری ہیبلیشین آرگنائزیشن بہاولپور کو متبادل کے طور پر الاٹ کی ،98.65ملین مالیت کی 91کنال اراضی ملزموں کے قبضہ میں ہے نیب اس سلسلے میں ملو ث نیول افسران کے خلاف کارروائی کیلئے نیول ہیدکوارٹر کو درخواست بھیج چکا ہے ۔

اجلاس میں سلطان فلور اینڈ جنرل ملزپرائیویٹ لمیٹید ملتان کے مالک سعید احمد قریشی کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ،ملزم نے اپنی ملوں میں استعمال کی شرط پر 4863.863ملین ٹن گندم رعایتی نرخوں پر خریدی، ملزم نے یہ گندم اوپن مارکیٹ میں بیچ کر قومی خزانے کو23لاکھ 79ہزار184روپے کا نقصان پہنچایا۔اجلاس میں سابق سینیئر ممبر بورڈ آف ریوینیو خیبر پختونخوا احسان اللہ اور محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے افسروں اور دیگر کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملزم احسان اللہ نے قواعد وضوابط کے بر خلاف نائب تحصیلداروں اور دیگر افسران کو غیر قانونی طریقے سے ترقی دی اور محکمہ خزانہ میں غیر قانونی بھرتیاں کیں جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔اجلاس میں سابق چیئرمین پاکستان سٹیل ملز کراچی معین آفتاب شیخ،سابق ڈائریکٹر پاکستان سٹیل ملز ثمین اصغرکے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی، ملزمان نے قومی خزانے کو 18کروڑ81لاکھ 60ہزار روپے کا نقصان پہنچایا ،اجلاس میں سابق سیکرٹری پوسٹل سروسز راجہ اکرام الحق،ڈپٹی ڈی جی فنانشل سروسزفیضی ستار،ڈی جی آپریشن پاکستان پوسٹ حافظ ظفر علی ملک،ڈائریکٹر فنانشل سروسزمسرور سرور خان،چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز ایم ایس کے انٹرنیشنل اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی ملزمان پر کری روڈ ہاؤسنگ سکیم میں فراڈکا الزام ہے،انہوں نے دوسرے بولی دہندگان کو غیر قانونی طریقے سے نااہل قرا دے کر میسرز 360ٹیکنالوجیز ا ور پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میسرز ٹیلکو نیٹ کو ٹھیکہ دیا،اور قومی خزانے کو 100ملین روپے کا نقصان پہنچایا،ایگزیکٹو بورڈ نے پاک پی ڈبلیو ڈی لاہورکے افسران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی ، ملزمان نے قومی خزانے کو 153ملین روپے کا نقصان پہنچایا ،،ایگزیکٹو بورڈ نے وزیر صنعت سندھ محمد علی ملکانی،سابق ناظم ضلع ٹھٹھہ حاجی شوکت ملکانی ،اور دیگر کے خلاف بدعنوانی اور اراضی پر قبضہ کے الزام کی انکوائری کی منظوری دی ،ایگزیکٹو بورڈ نے ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کے مبینہ الزامات پر سابق وزیر تعلیم گلگت بلتستان علی مدد شیر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی،اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی،ملزمان پر 1996-97میں سابق وزیر اطلاعات ونشریات کے علاج معالجہ پر 27لاکھ 54ہزار721ڈالر اور انٹر ٹینمنٹ الاؤنس کا 85فیصد 28ہزار 560ڈالرروپے غیرقانونی طریقے سے خرچ کرنے کا الزام ہے ، یہ انکوائری پبلک اکاونٹس کمیٹی نے نیب کو ریفر کی تھی۔

،اجلاس میں 2009میں پاک امریکن فرٹیلائزر لمیٹیڈدادو خیل میانوالی کی نجکاری میں مبینہ بدعنوانی کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر نجکاری کمیشن کے افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیاجس میں میسرز ابراہیم 199.99بلین روپے کا کامیاب بولی دہندہ تھی، اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز ہیلٹن ٹرانس محمد سلیم رفیع ،ڈائریکٹر میسرز ہیلٹن ٹرانس محمد ارشد لطیف،اور ڈائریکٹر میسرز ہیلٹن ٹرانس قمر محمودکے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیاسٹیٹ بینک نے 125.171ملین روپے قرض نادہند گی کا یہ مقدمہ نیب آرڈیننس کے تحت نیب کو بھجوایا،ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیر ،وزیر مملکت، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور کے پی ٹی کے افسران کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ،ملزمان پر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اورکراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں ، پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ،میڈیکل بلوں کی غیر قانونی وصولی،گاڑیوں کو بغیر منظوری کے کرائے پر لینے ،فیول کیلئے ادائیگیوں اور تنخواہوں کی ادائیگی کا الزام ہے ،جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا،جلاس میں 800کنال زمین کی غیر قانونی طریقے سے خریداری پر نیشنل انڈسٹریل پارکس ڈویلپمنٹ کی انتظامیہ،ممبر اراضی خریداری کمیٹی،محمد زبیر ،محمد اشرف اور دیگر کے خلاف دوبارہ انکوائری کا فیصلہ کیا گیا،جس سے قومی خزانے کو 93.80ملین روپے کا نقصان پہنچا،پی آئی ڈی سی کی انتظامیہ اور فرنیچر پاکستان ،ممبر اراضی خریداری کمیٹی، ،محمد اشرف اور دیگرنے 17کنال 16مرلے زمین غیر قانونی طریقے سے خرید کر قومی خزانے کو 58.60ملین روپے کا نقصان پہنچایا،اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ،پی ٹی سی ایل ،پی تی اے کے افسران کے خلاف دوبارہ انکوائری کی منظوری دی گئی،وزارت انفار میشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے نے انٹرنیشنل کلیئرنگ ہاؤ س کے معاملات اور مانیٹرنگ غیر قانونی طریقے سے پی ٹی سی ایل کے حوالے کی اس سے قومی خزانے کو ماہانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

اجلاس میںآ ئیسکو حکام کے خلاف آئیسکومیں غیر قانونی بھر تیوں کے مبینہ الزام کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور دیگر،ڈائریکٹر جنرل ولید سٹی لاہور اتھارٹی کے خلاف عدم ثبوت پر انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاایگزیکٹو بورڈ نے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈیوائن ڈیویلپرز پرائیویٹ لمیٹیڈ لاہورامجد عزیزاور دیگر کی رضاکارانہ واپسی کی در خواست منظور کر لی ،اجلاس میں پشاور یونیورسٹی کے حکام اور دیگر کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب زیرو ٹالریننس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے کرپشن کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون پر عملدرآمد اور آگہی مہم کے ذریعے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نیب کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری، جذبے اور قانون پر عمل کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف انکوائریاں اور انویسٹی گیشن شفاف اور میرٹ پر کریں۔