کراچی،پیپلزپارٹی کے اہم رہنماوٴں کے سیاسی پناہ کیلئے مغربی ممالک سے رابطے تیز ،حاجی حسن زرداری نے لندن میں سیاسی پناہ لے لی ،شہریت کیلئے درخواست بھی دیدی ،شرجیل انعام میمن برطانوی شہریت کیلئے لندن پہنچ گئے

جمعرات 11 فروری 2016 09:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2016ء)پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے اہم رہنماوٴں نے سیاسی پناہ کے لیے مغربی ممالک سے رابطے تیز کردیے ہیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ حاجی حسن زرداری نے لندن میں سیاسی پناہ لے لی ہے اور برطانوی شہریت کے لیے درخواست بھی دے دی ہے جبکہ شرجیل انعام میمن برطانوی شہریت کے لیے لندن پہنچ گئے ہیں منظور کاکا نے کینیڈا میں شہریت حاصل کرلی ہے اویس مظفر نے بھی امریکا میں شہریت کے لیے بھاگ دوڑ کررہے ہیں ، سابق صدر آصف علی زرداری بھی ان دنوں امریکا گئے ہیں تاکہ اپنے قریبی ساتھیوں کو یورپی ممالک کی شہریت دلواسکیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی کے بعض اہم رہنما اس وقت ملک سے فرار ہونے کے لیے کوششیں کررہے ہیں ذرائع نے بتایا ہے کہ اہم وزراء اپنے دفاتر میں بھی کم آرہے ہیں اور وہ اب اپنا بوریا بستر گول کررہے ہیں ان کی اپنے محکموں میں دلچسپی کم ہوتی جارہے آئندہ دو تین ماہ اہم قرار دیے جارہے ہیں۔