بھارت کا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے امریکی فیصلے پر شدید اظہار برہمی ،دفتر خارجہ کا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی پر بھار تی ردعمل پر اظہار افسوس،پاکستان کسی بھی ملک کیلئے جارحانہ رویہ نہیں رکھتا ہے،تاہم اپنے دفاع سے غافل نہیں ہوسکتا ،بھارت دنیا میں سب سے زیادہ دفاعی سامان درآمد کرنے والا ملک ہے،بیان

اتوار 14 فروری 2016 10:46

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2016ء) بھارت نے امریکہ کے ایف سولہ طیاروں کی پاکستان کو فروخت کے فیصلے پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے امریکی سفیر کو طلب کرکے اپنا ا حتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے جنوبی بلاک کیلئے امریکی سفیر رچرڈ ورما کو طلب کرکے امریکی حکومت کے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے فیصلے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا یہ فیصلہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہرگز معاون اقدام نہیں ہوسکتا ادھردفتر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی پر بھارت کے ردعمل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ دفاعی سامان درآمد کرنے والا ملک ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی پر بھارتی ردعمل پر سخت افسوس ہوا ہے ،پاکستان کسی بھی ملک کیلئے جارحانہ رویہ نہیں رکھتا ہے،تاہم اپنے دفاع سے غافل نہیں ہوسکتا ہے،بھارت دنیا میں سب سے زیادہ دفاعی سامان درآمد کرنے والا ملک ہے