اسلام آباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب آج ،پولنگ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگی،میئر کیلئے مسلم لیگ ن کے شیخ انصرا ور تحریک انصاف کے خرم نواز آمنے سامنے ، سکیورٹی سخت

پیر 15 فروری 2016 10:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15فروری۔2016ء) اسلام آباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب آج(پیر کو ) ہوگا ،پولنگ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ اسلام آباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے پولنگ آج کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگی۔ پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا میئر کیلئے مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے شیخ انصرا ور پاکستان تحریک انصاف کے خرم نواز کے درمیان ہوگا۔

(جاری ہے)

میئر کیلئے کل ووٹروں کی تعداد 77 ہے جن میں پچاس یو سی چیئرمین اور 27 مخصوص نشستیں ہیں ۔ غیر سرکاری اعدادو شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے پاس پچاس میں سے تیس سے زائد نشستیں ہیں جبکہ باقی کی نشستیں تحریک انصاف کے پاس ہیں واضح رہے کہ یہ اسلام آباد کی تاریخ کا پہلا میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا انتخابی عمل کیلئے تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اور سکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔ پولیس کے دستے کنونشن سنٹر کے باہر تعینات کردیئے گئے ہیں۔