دبئی،پچاس درہم کے لالچ نے پاکستانی شہری کو دبئی کی جیل میں پہنچادیا،ملزم نے پیدل چلنے والے دوافراد سے پچاس درہم چرائے تھے

جمعرات 18 فروری 2016 09:53

دبئی سٹی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18فروری۔2016ء ) صرف 50درہم کے لالچ نے پاکستانی شہری کو تین سال کے لیے دبئی کی جیل پہنچادیا جس سے زندگی کے سارے خواب مٹی میں مل گئے ، ملزم پاکستانی پینٹر نے پیدل چلنے والے دوافراد سے پچاس درہم چرائے تھے۔فاضل عدالت نے 29سالہ ایچ اے کو شراب پینے پر ایک ماہ اضافی قید کی سزابھی سنائی جس کے مکمل ہونے کے بعد ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیدیاگیا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم نے سی آئی ڈی اہلکاروں کے روپ میں اپنے تین ساتھیوں سمیت تین جولائی 2015ء کو تقریباً رات9بجے 23سالہ ایل آر اور اس کے 24سالہ دوست بی ایف کو روک لیاتھا۔ایک متاثرہ شخص نے بتایاکہ ’اْنہوں نے ہمیں گھٹنوں کے بل جھکنے ، نقدی اور موبائل فون حوالے کرنے کو کہا، ہمیں یقین ہوگیاکہ وہ سی آئی ڈی کے اہلکار نہیں ، ہمارے چلانے پر انہوں نے بھاگنے کی کوشش کی جس پرہم نے اس کا پیچھاکیا اور ایک گارڈ کی مدد سے ملزمان میں سے ایک کوپکڑنے میں کامیاب ہوگئے ، ہم نے اپنا موبائل لے لیا تاہم پچاس درہم لے کر باقی ملزم فرار ہوگئے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر پکڑے گئے ملزم ایچ اے کو تحویل میں لے لیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے پولیس کو بتایاکہ دیگر تین لوگ بھی اس کیساتھ تھے اور راہگیروں کولوٹنے سے قبل وہ اپنے فلیٹ پر شراب نوشی کررہے تھے ، وہاں سے دوبھارتی شہری گزرے تو اْنہیں لوٹنے کا منصوبہ بنالیا، میں نے ایک سعودی شناختی کارڈ پیش کرکے سی آئی ڈی اہلکار کا ڈرامہ کیا اور وہ کارڈ تاحال میرے پاس ہے۔ملزم کاکہناتھاکہ جیب خالی کرنے کی ہدایت پر دونوں افراد نے اپنی چیزیں سپردکریں جس کے بعد مدد کیلئے چلاناشروع کردیا، میرے دوست بھاگ گئے لیکن دوراہگیروں نے مجھے پکڑلیا اور پولیس کے حوالے کرنے سے قبل پیٹا۔ملزم نے اعتراف کیاکہ اس کے پاس سعودی پولیس کے اصلی لوگوکاکارڈ موجود ہے جو ریاست میں کام کے دوران ملٹری اسٹیبلشمنٹ میں داخلے کے لیے اسے جاری کیاگیاتھا ۔

متعلقہ عنوان :