کیلیفورنیا فائرنگ: ’ایپل‘ کاعدالتی حکم ماننے سے انکار،ایپل کا ایف بی آئی کو سان برنارڈینو واقعے کے حملہ آوروں کے آئی فون ڈیٹا تک رسائی دینے سے انکار ،ایسے حکم کی تعمیل نہیں کرسکتے جس سے صارفین کی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو،چیف ایگزیکٹیو ایپل

جمعہ 19 فروری 2016 09:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2016ء) کمپیوٹر اور آئی فون بنانے والی مشہور کمپنی 'ایپل' نے امریکی جج کے حکم کے باوجود فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کو سان برنارڈینو واقعے کے حملہ آوروں کے آئی فون کے ڈیٹا تک رسائی دینے سے انکار کردیا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سید رضوان فاروق اور ان کی اہلیہ تاشفین ملک نے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان برنارڈینو میں معذوروں کے ایک سینٹر میں فائرنگ کرکے 14 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

دو روز قبل کیلی فورنیا کے فیڈرل جج شیری پیم نے ایپل کمپنی کو حکم دیا تھا کہ وہ ایف بی آئی کو سید فاروق کے زیرِ استعمال آئی فون فائیو سی کے ڈیٹا تک رسائی فراہم کرے۔جج نے ایپل کو یہ حکم بھی دیا تھا کہ وہ ایف بی آئی کے لیے آئی فون کو اَن لاک کرنے کے لیے خصوصی طور پر سافٹ ویئر بھی تیار کرے۔

(جاری ہے)

تاہم ایپل کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو ٹِم کْک نے صارفین کے نام ایک کھلے خط میں کہا کہ وہ ایسے حکم کی تعمیل نہیں کرسکتے جس سے اْن کی صارفین کی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونز موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہیں، جس میں صارفین اپنا ذاتی ڈیٹا، جیسا کہ تصاویر، ویڈیوز، فون نمبرز، مالی اور صحت سے متعلق معلومات محفوظ کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایپل صارفین ہم سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ ہم ان کی ذاتی معلومات کو محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، اس لیے ہم ان کی ذاتی معلومات کو آگے پہنچا کر ان کی سیکیورٹی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔