وڈھ،گروک میں بارودی مواد نے آگ پکڑلی ،گھر میں زور دار دھماکہ ، ایک ہی خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 7افراد جاں بحق ، 14افراد شدید زخمی

جمعرات 25 فروری 2016 09:22

وڈھ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2016ء ) تحصیل نال کے علاقہ گروک میں بارودی مواد نے آگ پکڑلی ۔گھر میں زور دار دھماکہ ، دھماکہ سے ایک ہی خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے ۔ جب کہ 14افراد شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں قیامت صغریٰ کا منظرتھا ۔ ہر طرف کہرام مچ گیا۔زخمیوں اور جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں ۔

دھماکے سے متعدد گھر متاثر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام ضلع خضدار کے تحصیل نال کے علاقہ گروک میں جلال بزنجوکے بھائی کے گھر میں مائیننگ بلاسٹنگ میں استعمال ہونے والے بارودی مواد رکھا گیا تھا ۔ اسی کمرے میں بچوں نے سردی سے بچنے کے لئے آگ جلائی ۔ آگ سے چنگاری مواد کو چھوگئی اور زوردار دھماکہ ہوا ۔ جس کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک بچہ سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے اور 14زخمی شدید زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

کئی مکانات کو جزوی طورپر نقصان پہنچ گیا۔لیویز فورس متعلقہ علاقہ میں پہنچ کر زخمیوں کو پہلے تحصیل نال اور اس کے بعد ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچائی ۔جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید نوعیت کے زخمیوں کو کراچی بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ بارودی مواد مائنزبلاسٹنگ کے لئے استعمال کیا جاتا تھا جو کہ چنگاری لگنے کی وجہ سے دھماکہ سے پھٹ گئے اورکئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئی ۔علاوہ ازیں دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کی مزید تعین کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :