لاہورایئرپورٹ سے 20کروڑروپے کی غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار، ملزم ذیشان بٹ کا تعلق پنجاب کی ایک کاروباری شخصیت سے بتایا جارہا ہے

جمعرات 25 فروری 2016 09:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2016ء) انٹیلی جنس ادارے نے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے 20 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے623 کا مسافر ذیشان بٹ وزٹ ویزا پر اپنے گھر والوں کے ہمراہ دبئی جارہا تھا۔

(جاری ہے)

ذیشان بٹ اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹم کے کاوٴنٹر سے کلیئر ہوکر ڈیپارچر لاوٴنچ میں بورڈنگ کارڈ کے حصول کے لئے قطار میں موجود تھا کہ انٹیلی جنس ادارے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے سامان سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔ذیشان بٹ سے 10 ہزار امریکی ڈالر،ساڑھے 3ہزار برطانوی پاوٴنڈ، 14 لاکھ 54 ہزار یورو اور 15 لاکھ 91 ہزار یو اے ای درہم برآمد ہوئے ہیں، جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں 20 کروڑ روپے بنتی ہے۔

ملزم کا تعلق پنجاب کی ایک کاروباری شخصیت سے بتایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ برس لاہور سے ہی کروڑوں روپے مالیت کا سونا دبئی اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران حراست میں لیاجانے والا توفیق بٹ بھی اس کا رشتے دار کہا جارہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس سپر ماڈل ایان علی کے قبضے سے 5 کروڑ روپے سے زائد کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :