شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں،34دہشتگرد ہلاک ، کئی زخمی ،جھڑپ میں کیپٹن عمرعباسی سمیت4سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے،آئی ایس پی آر،شہید جوانوں نے آخری دم تک جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور عوام کے تحفظ اور فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وطن پر جان نثار کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہداء ہماری دعاؤں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا شوال میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت

اتوار 28 فروری 2016 10:29

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2016ء)شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 34دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں19دہشتگرد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جبکہ جھڑپ میں کیپٹن عمرعباسی سمیت4سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں پاک افغان سرحد کے نزدیک منگروٹی کے علاقے میں فرار ہونے والے دہشگردوں کے ایک گروہ کو گھیر لیا۔

اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں19دہشتگرد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت سیکورٹی فورسز کے4اہلکار جام شہادت نوش کرگئے۔ ادھر وزیراعظم محمد نواز شریف نے شوال میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے شہید جوانوں نے آخری دم تک جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور عوام کے تحفظ اور فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وطن عزیز پر جان نثار کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے شوال میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے قوم کے مستقبل کو اپنی ذات پر ترجیح دی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو جس جذبے کی ضرورت ہے یہ اس کی زندہ مثال ہے اور شہداء ہماری دعاؤں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ حق اور باطل قوتوں کے درمیان جنگ ہے جس میں مصلحت کی کوئی گنجائش نہیں۔قبل ازیں شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائی میں پندرہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تحصیل دتہ خیل اور منظر خیل میں پاک فضائیہ نے دہش گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر بمباری کرکے موقع پر موجود پندرہ دہشت گرد ہلاک کردیئے۔ فضائی کارروائی کے دوران چار ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔