وزیر داخلہ کا پاکستانی شہریت کیلئے درخواست گذار بیوہ کے خط پر نوٹس ،متعلقہ حکام کو ہدایت کو معاملے کی مکمل چھان بین کی ہدا یت

بدھ 2 مارچ 2016 09:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2مارچ۔2016ء) پاکستانی شہریت کیلئے درخواست گذار ایک بیوہ کے خط پر وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے نوٹس لے لیاہے۔مذکورہ خاتون بھارتی شہری ہے جس نے کئی برس قبل ایک پاکستانی سے شادی کی اور پاکستانی شہریت حاصل کرنا چاہتی ہے۔جس کی درخواست وزارتِ داخلہ میں 2008سے زیر التوا ء ہے۔

(جاری ہے)

خاتون نے خاوند کی وفات کے بعداپنے حصے کی جائیدادسے محروم کئے جانے اور اپنے سوتیلے بیٹوں کی مبینہ زیادتیوں کا نوٹس لینے اور پاکستانی شہریت کے حصول کیلئے وزیرِداخلہ سے مدد کی اپیل کی تھی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی جانب سے فیصلے کی روشنی میں کہا گیاہے کہ مذکورہ خاتون کو متعلقہ قوانین کے مطابق فوری طور پر پاکستانی شہریت دی جائے جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ خط میں ذکر شدہ دیگر امور کی مکمل چھان بین کرکے خاتون کو اپنے جائز حقوق سے مبینہ طور پر محروم کرنیوالوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔