پاکستان کیساتھ مذاکرات نہیں دہشت گردی کیخلاف کارروائی کو ترجیح دیتے ہیں ، بھارت ، قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت فول پروف سیکورٹی کی گارنٹی ملنے پر ہی دی جا سکتی ہے، وزیر داخلہ

جمعرات 3 مارچ 2016 10:18

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3مارچ۔2016ء) بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر دہشت گردی کے خلاف کارروائی کو ترجیح دیتے ہیں بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ پٹھانکوٹ دہشتگردانہ حملے کے بعد ہماری ترجیح مذاکرات نہیں بلکہ پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں ہر صورت بہتری کا خواہاں ہے تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ ہمسایہ ملک کا رویہ مثبت ہو انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پٹھانکوٹ حملے کے حوالے سے تحقیقات میں نیت رویئے کا مظاہرہ کرتا رہے تو یقیناً اس کا دونوں ممالک کے تعلقات پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے ۔دوسری جانب وفاقی وزیرِداخلہ کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ دورہ بھارت میں سیکورٹی خدشات پر تشویش کا اظہارکردیاہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ فول پروف سیکورٹی کی گارنٹی صرف بھارتی حکومت کی ہی نہیں بلکہ آئی سی سی کی بھی ذمہ داری ہے۔متوقع دورے کے سلسلے میں پی سی بی چیئرمین سے مشاورت کے بعد رپورٹ وزیرِاعظم کو پیش کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہاہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دورہ بھارت کی اجازت فول پروف سیکیورٹی کی گارنٹی ملنے کے بعد ہی دی جا سکتی ہے جبکہ فول پروف سیکیورٹی کی گارنٹی صرف بھارتی حکومت کی ہی نہیں بلکہ آئی سی سی کی بھی ذمہ داری ہے