وزیرداخلہ کی وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات ،کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کے حوالے سے تبادلہ خیال، وزارت داخلہ مطمئن ہے تو ٹیم بھیجنے میں کوئی حرج نہیں ، وزیراعظم

جمعرات 10 مارچ 2016 10:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی جس میں کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے بھارت جانے والی سیکیورٹی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا اور رپورٹ میں دھرم شالہ میں پاک بھارت میچ سے متعلق سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جب کہ چوہدری نثار نے پاک بھارت میچ کا مقام تبدیل ہونے کی صورت میں ٹیم بھجوانے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ قومی ٹیم کو بھارت میں سیکیورٹی مسائل کا سامنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری بھارتی حکومت اور آئی سی سی پر ہوگی تاہم اگر وزارت داخلہ مطمئن ہے تو ٹیم بھارت بھجوانے میں کوئی حرج نہیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم بھیجنے کو سیکیورٹی سے مشروط کیا تھا جس کے لئے دو رکنی وفد بھارت گیا جہاں اس نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کی۔