الطاف حسین سمیت ایم کیوایم کے 15 رہنماؤں پر منی لانڈرنگ کا مقدمے کی تیاری مکمل،خصوصی ٹیم اسلام آبادسے کراچی پہنچ گئی،کمیٹی بعض بینکوں اور امیگزیشن حکام سے ملاقاتیں کریگی، دورے کو خفیہ رکھا گیا،ایف آئی اے ٹیم کراچی کی پانچ بڑی منی چینجزز اور سرفراز مرچنٹ سے معلومات حاصل کرے گی،ذرائع

جمعہ 11 مارچ 2016 10:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11مارچ۔2016ء)وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، واسع جلیل، عادل صدیقی، حماد صدیقی، حیدرعباس سمیت 15 رہنماؤں پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے اس ضمن میں جمعرات کے روز ایف آئی اے کی ایک خصوصی ٹیم اسلام آبادسے کراچی پہنچ گئی ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیٹی بعض بینکوں اور امیگزیشن حکام سے ملاقاتیں کریگی اس دورے کو خفیہ رکھا گیا ہے تاکہ ٹیم کو اپنے کام کی تکمیل میں کوئی مشکلات پیش نہ آسکیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم کراچی کی پانچ بڑی منی چینجزز سے بھی معلومات حاصل کریگی ، سرفراز مرچنٹ سے بھی معلومات لی جائے گی، کراچی سے کتنے افراد کتنی رقم دبئی اور لندن گئے ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ماہ تک اسلام آباد میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا جائے گا اس سے قبل تمام ثبوت جمع کیے جارہے ہیں ، ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزرات داخلہ نے برطانوی حکومت کے ساتھ بھی رابطے کیے ہیں اور وہاں سے ثبوت مانگے گئے ہیں تاکہ جب منی لانڈرنگ کا کیس درج ہوتو اس کے ٹھوس ثبوت بھی موجود ہوں گے تاکہ سزا دلانے میں مدد مل سکے۔