پاکستان کرکٹ ٹیم کی دبئی روانگی ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے آج بھارت پہنچے گی ،پہلا وارم اپ میچ منسوخ، اتوار کو سری لنکا کیخلاف وارم اپ میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز

ہفتہ 12 مارچ 2016 08:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12مارچ۔2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کی رات گئے دبئی روانگی ،آج ہفتہ کوشام 7بجے کولکتہ پہنچے گی ،قومی کرکٹ ٹیم جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب این سی اے سے ائیرپورٹ اوروہاں سے اتحادائیرویزکی فلائٹ سے دبئی کیلئے روانگی ہوئی ۔پاکستانی ٹیم دبئی میں چندگھنٹے قیام کے بعدکولکتہ کے لئے روانہ ہوگی اورہفتہ کی شام سات بجے کولکتہ پہنچے گی ،پاکستانی ٹیم اتوارکے روزسری لنکاسے وارم اپ میچ کھیلے گی ،جبکہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کاپہلامیچ 16مارچ کوکوالیفائرٹیم سے اورپھر19مارچ کوبھارت سے ہوگا،پاکستان کاتیسرامیچ22مارچ کونیوزی لینڈاورپول کاآخری میچ 25مارچ کوآسٹریلیاسے موہالی میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آج ہفتہ کو کولکتہ پہنچ جائے گی ، پہلا وارم اپ میچ نہیں کھیل سکے گی ، کل اتوار کو سری لنکا سے وارم اپ میچ کھیلے گی ، قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ بھارت کی اجازت ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کاکہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی یقین دہانی کے بعد معاملات حل ہوگئے ہیں اور حکومت کی جانب سے دورہ بھارت کی اجازت مل گئی ہے ہمارے تحفظات دور ہوچکے ہیں کرکٹ ٹیم دورہ بھارت کے لئے مکمل تیار ہے ٹیم دبئی کے راستے آج ہفتے کو کولکتہ پہنچ جائے گی انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے دورہ میں تاخیر کے باعث لوکل ٹیم سے ہمارا پہلا وارم اپ میچ منسوخ ہوگیا ہے تاہم ٹیم اتوار کو شیڈول کے مطابق سری لنکا سے وارم اپ میچ کھیلے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بھی پاکستانی موقف کو درست قرار دیا ہے کھلاڑیوں کو دورہ بھارت سے دستبردار ہونے کا آپشن دیا تھا اور میں نے ٹیم کے ہر کھلاڑی سے پوچھا کہ وہ بھارت جانا چاہتے ہیں کہ نہیں تو تمام کھلاڑیوں نے رضا مندی ظاہر کی کولکتہ میں وزیراعلیٰ ممتا بینر جی نے سکیورٹی کی یقین دہانی پہلے بھی کرادی تھی یقین ہے کہ بھارتی عوام بھی پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرینگے انہوں نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ ہو تھوڑی بہت گڑ بڑ کا امکان بھی ہے تاہم امید ہے کہ بھارتی عوام پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرینگے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی روانگی کی حتمی منظوری وزیراعظم نے بھی دی ہے کرکٹ ٹیم اتحاد ایئر ویز کے ذریعے ابو ظہبی اور وہاں سے کولکتہ جائے گی بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ششنانک موہر کو پاکستانی ٹیم کی روانگی سے متعلق آگاہ کررہا ہوں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاک بھارت کرکٹ روابط برقرار رہیں گے اور بھارتی ٹیم بھی پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کیلئے رضا مند ہوگی ۔

بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھات نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو تحفظ دینے کی بھرپور یقین دہانی کرائی ہے،حتمی فیصلہ اسلام آباد کو کرنا ہے ۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی شرکت کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بھارتی سیکرٹری داخلہ نے کولکتہ میں ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میچ 19 مارچ کو کھیلے جانے والے پاک بھارت میچ کے دوران مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ ہو ۔ سیکورٹی سے متعلق تحریری سفارشات اسلام آباد کو بھجواؤں گا۔ پاکستانی ٹیم بھارت بھجوانے کا فیصلہ اسلام آباد نے کرنا ہے ۔اس دوران عبدالباسط نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بھی بھارتی سیکرٹری داخلہ سے اپنی ملاقات حوالے سے ٹیلی فون کرکے آگاہ کیا ہے ۔