شریف برادران کے پاس10سال پہلے کچھ نہیں تھا،اثاثے ظاہر کردیں،عمران خان،حسین نواز اسد عمر سے مناظرہ کرلیں ،میرا شریف برادران سے اچھا مناظرہ ہوسکتا ہے، الطاف حسین کے ظلم کیخلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی،(ن) لیگ کی دھاندلی روکنے کیلئے کارکنوں کو تربیت دینا پڑے گی،سربراہ پی ٹی آئی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 13 مارچ 2016 11:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13مارچ۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ شریف برادران کے پاس10سال پہلے کچھ نہیں تھا وہ اپنے اثاثے ظاہر کردیں،حسین نواز اسد عمر سے مناظرہ کرلیں ،میرا شریف برادران سے اچھا مناظرہ ہوسکتا ہے،الطاف حسین کے ظلم کیخلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی،(ن) لیگ کی دھاندلی روکنے کیلئے کارکنوں کو تربیت دینا پڑے گی۔

نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ بڑا سکینڈل ہے، نیب شریف برادران کے خلاف کوئی اقدامات نہیں اٹھاتی، میٹرو بس، اورنج ٹرین منصوبے کی خوردبرد کی تحقیقات نہیں کی جارہیں،ہر روز شریف برادران عوام کے پیسوں پر اشتہارات چھپوا رہے ہیں اور اس پر اپنی تصاویر لگا رہے ہیں،شکل اپنی اپنی اور پیسہ عوام کا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حسن نواز کے پاس لندن میں ساڑھے 7 ارب روپے کے اثاثے ہیں،حسن نواز کے پاس10سال پہلے کچھ نہیں تھا۔نوازشریف نے اپنے سارے اثاثے منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر ملک بھجوا دئیے اور اپنے بیٹوں کے نام کردئیے،ان کے پاس کچھ نہ رہا اس لئے5000روپے ٹیکس ادا کرتا ہے۔منی لانڈرنگ کا اعتراف اسحاق ڈار نے خود کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کراچی پر ایم کیو ایم کے قائد نے بہت ظلم کیا،آج مصطفی کمال جو کچھ کہہ رہا ہے کہ وہ میں نے 7 سال پہلے کہہ دیا تھا،سب سے پہلے ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف میں نے آواز اٹھائی تھی،ایم کیو ایم کے قائد پر بہت بڑے الزامات ہیں، ایم کیو ایم کے کارکنان آپس میں جھگڑا نہیں کرسکتے،جھگڑا کرنے والے کو پہلے پارٹی اور پھر دنیا سے فارغ کردیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف احتساب کمیشن ایکٹ کو نئے سرے سے لارہی ہے، اس میں کمیشن کے ڈی جی کو مکمل اختیارات حاصل ہوں گے، کمیشن آزاد اور خودمختار ہونا چاہئے،احتساب کمیشن ایکٹ قابل عمل اور مزید مضبوط ہوگا۔