سید علی گیلانی کی صحت بہتر ہونے لگی‘ ڈاکٹروں کا مکمل آرام کا مشورہ

منگل 15 مارچ 2016 09:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15مارچ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس چیئرمین سید علی گیلانی کو ہسپتال سے رخصت ملنے کے بعد ان کی صحت آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہے تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے اور زیادہ لوگوں سے ملنے ملانے سے احتراز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

حریت ترجمان ایاز اکبر نے کہا کہ پنجاب کی معروف سکھ تنظیم دل خالصہ جماعت ہند اور جمعیت اہلحدیث جموں کشمیر کے وفود نے مالویہ نگر نئی دہلی آ کر گیلانی صاحب کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا مانگی۔

ترجمان کے مطابق دل خالصہ وفد کی سربراہی اس کے صدر ڈاکٹر کنور پال سنگھ اور جماعت اسلامی وفد کے امیر جماعت اور جمعیت اہلحدیث وفد کی مولانا عبدالطیف الکندی کر رہے تھے اور وفود نے گیلانی کی خیریت پوچھنے کے ساتھ ساتھ ان کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔ حریت ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی کی صحت بہتر ہو رہی ہے تاہم ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ فی الحال ملاقاتوں کا سلسلہ بند کیاجائے اور موصوف کو بھیڑ بھاڑ سے جتنا ممکن ہو سکے دور رکھا جائے۔