سعودی حکومت نے پاکستان سے حج پالیسی2016 کی رپورٹ مانگ لی، وزات حج امور تا حال نئی حج پالیسی کا کوئی واضح فیصلہ نہ کر سکی، حج پرائیوٹ ٹور آپریٹر ایسوسی ایشن نے حج کوٹہ میں کمی بارے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے، 7 اپریل تک نئی حج پالیسی بارے آگاہ نہ کیا گیاتو سعودی حکومت پاکستان کے عازمین حج کے کوٹہ میں نمایاں کمی کر دے گی، ہزاروں پاکستانی عازمین حج کی سعادت سے محروم ہو جائیں گے

جمعہ 18 مارچ 2016 08:48

فیصل آباد/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18مارچ۔2016ء ) سعودی حکومت کی وزات حج امور نے پاکستان کی وزات حج کو کہا ہے کہ وہ حج پالیسی 2016 ء کا جلد از جلد فیصلہ کر کے حاجیوں کی تعداد اور پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے حج کوٹہ کے بارے میں انہیں آگاہ کیا جائے تاکہ سعودی حکومت آئندہ حج 2016 ء کے انتظامات مکمل کر سکے ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کے وزات حج امور تا حال نئی حج پالیسی کا کوئی واضح فیصلہ نہیں کر سکی کیونکہ حج پرائیوٹ ٹور آپریٹر ایسوسی ایشن نے عدالت عالیہ سندھ سے حج کوٹہ میں کمی کے بارے میں حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے جس کی سماعت 30 اپریل مقرر ہے جبکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی اموراور سینٹ کی قا ئمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے اپنے الگ الگ اجلاس میں نئی حج پالیسی کے بارے میں رپورٹ تیار کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور محمد یوسف اور سیکرٹری مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ حج 2016 ء کی پالیسی کی حتمی منظوری سے قبل انہیں تحریری طور پر آگاہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حج پالیسی میں تاخیر ہونے کی وجہ سے نہ صرف اس سال حج پر جانے والے افراد پریشان ہیں بلکہ حج اور عمرہ پر جانے والے عازمین حج نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نمایاں کمی کی وجہ سے حج کرایوں میں کمی کرتے ہوئے نئی حج پالیسی کا جلد از جلد اعلان کیا جائے تاکہ عازمین حج پالیسی کے تحت اپنی درخواستیں حج کیلئے جمع کرا سکیں ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے 7 اپریل تک سعودی حکومت کو نئی حج پالیسی 2016 ء میں عازمین حج کی تعداد کے بارے میں آگاہ نہ کیا تو سعودی حکومت پاکستان کے عازمین حج کے کوٹہ میں نمایاں کمی کر دے گی ۔جس سے ہزاروں پاکستانی افراد عازمین حج کی سعادت سے محروم ہو جائیں گے ۔دریں اثنا حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ ) کے ریجنل چیئر مین حافظ شفیق کاشف نے سینٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی مدد سے عازمین حج کو مناسب بجٹ میں حج پیکج ملیں گے اور موجودہ حج کمپنیوں کے کوٹے میں کمی نہ کرنے سے حج آرگنائزرز اور عازمین حج پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا لہذا ہوپ اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :